حاجی کیمپ اسلام آبادمیں عازمینِ حج 2026 کی جامع تربیتی نشست کا انعقاد

اسلام آباد۔3جنوری (اے پی پی):وزارتِ مذہبی امور کے زیرِ اہتمام حاجی کیمپ اسلام اباد میں عازمینِ حج کے لیے ہفتہ کو تربیتی نشست منعقد ہوئی، جس میں ماسٹر ٹرینرز نے مناسکِ حج، جدید ٹیکنالوجی اور سعودی قوانین پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر عمر بٹ نے بتایا کہ ہر حاجی کو 25 کلو کا بیگ، 7 کلو ہینڈ کیری، سعودی سم اور خواتین کو پاکستانی پرچم والے سکارف دیئے جائیں …

اسلام آباد۔3جنوری (اے پی پی):وزارتِ مذہبی امور کے زیرِ اہتمام حاجی کیمپ اسلام اباد میں عازمینِ حج کے لیے ہفتہ کو تربیتی نشست منعقد ہوئی، جس میں ماسٹر ٹرینرز نے مناسکِ حج، جدید ٹیکنالوجی اور سعودی قوانین پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر عمر بٹ نے بتایا کہ ہر حاجی کو 25 کلو کا بیگ، 7 کلو ہینڈ کیری، سعودی سم اور خواتین کو پاکستانی پرچم والے سکارف دیئے جائیں گے۔

عازمین "پاک حج ایپ” کے ذریعے معلومات حاصل کر سکیں گے جبکہ "روڈ ٹو مکہ” پراجیکٹ کے تحت اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹس پر ہی دوہری امیگریشن مکمل کی جائے گی۔ حج آپریشن کا آغاز 17 اپریل سے ہوگا۔تربیتی نشست کے دوران ماسٹر ٹرینر نے بتایا کہ حج کے مناسک 5 ایام پر محیط ہیں جن میں 3 فرائض اور 6 واجبات شامل ہیں، جبکہ عمرہ 2 فرائض اور 2 واجبات پر مشتمل ہے۔

انہوں نے تلقین کی کہ 8 ذوالحجہ کو عازمین احرام باندھ کر منیٰ روانہ ہوں گے اور 9 ذوالحجہ کو حج کا رکنِ اعظم ’وقوفِ عرفہ‘ ادا کریں گے، جس کے بعد مزدلفہ میں رات گزارنا واجب ہے۔ 10 ذوالحجہ کو رمی، قربانی اور حلق کے بعد طوافِ زیارت ادا ہوگا، جبکہ 11 اور 12 ذوالحجہ کو شیطانوں کو کنکریاں مارنے کے بعد مکہ سے واپسی سے قبل طوافِ وداع ادا کرنا حج کا آخری واجب ہے۔عازمین کو ہدایت کی گئی کہ وہ روزانہ 2 سے 3 کلومیٹر واک کریں اور ادویات حاجی کیمپ سے سیل کروا کر رکھیں۔

وزارت نے سخت انتباہ جاری کیا کہ سعودی عرب میں منشیات کی سزا ‘سزائے موت’ ہے، جبکہ نسوار، پان اور سگریٹ پر بھی پابندی ہے۔تربیتی نشست کے اختتام پر سوال و جواب کا ایک خصوصی سیشن منعقد ہوا جس میں عازمینِ حج نے مناسک کی ادائیگی، انتظامی امور اور سفری سہولیات سے متعلق مختلف سوالات پوچھے۔ وزارتِ مذہبی امور کے نمائندوں اور ماسٹر ٹرینرز نے تمام استفسارات کے تفصیلی جوابات دے کر عازمین کے خدشات دور کیے اور انہیں سفرِ حج کے لیے مکمل رہنمائی فراہم کی۔