اسلام آباد۔5جنوری (اے پی پی):چائنا انٹرنیشنل پریس اینڈ کمیونیکیشن سینٹر کے میڈیا فیلو محمد ضمیر اسدی نے کہا ہے کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا حالیہ دورۂ چین غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے ۔پیر کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر اس دورے کی علامتی اور عملی اہمیت مزید …
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے دورے سے عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت سفارتی کردار کو تقویت حاصل ہوئی ، محمد ضمیر اسدی

مزید خبریں
اسلام آباد۔5جنوری (اے پی پی):چائنا انٹرنیشنل پریس اینڈ کمیونیکیشن سینٹر کے میڈیا فیلو محمد ضمیر اسدی نے کہا ہے کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا حالیہ دورۂ چین غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے ۔پیر کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر اس دورے کی علامتی اور عملی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ اس دورے کے دوران اعلیٰ سطحی ملاقاتوں اور باہمی مشاورت نے اس امر کی توثیق کی ہے کہ دونوں ممالک خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ اہداف کے لیے یکساں سوچ رکھتے ہیں۔
محمد ضمیر اسدی کے مطابق دورۂ چین کے دوران اقتصادی تعاون، سی پیک کے دوسرے مرحلے، تجارتی روابط کے فروغ، سرمایہ کاری میں اضافے اور علاقائی و عالمی امور پر ہم آہنگی جیسے اہم نکات زیرِ بحث آئے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی قیادت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ غیر متزلزل حمایت کا اعادہ اس بات کا ثبوت ہے کہ دونوں ممالک کی دوستی وقت کی ہر آزمائش پر پورا اتری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے اس دورے سے نہ صرف پاک چین تعلقات کو نئی جہت ملی ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت سفارتی کردار کو بھی تقویت حاصل ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں اس دورے کے ثمرات اقتصادی استحکام، علاقائی تعاون اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ کی صورت میں نمایاں ہوں گے۔محمد ضمیر اسدی نے کہا کہ پاکستان۔چین شراکت داری خطے میں امن، استحکام اور اقتصادی ترقی کے لیے ایک مثبت اور تعمیری کردار ادا کرتی رہے گی، اور دونوں ممالک آئندہ بھی ایک دوسرے کے قابلِ اعتماد شراکت دار رہیں گے۔








