کنگ سلمان ریلیف سینٹر دنیا بھر میں انسانی فلاح و بہبود کے لئے سرگرمِ عمل ہے ، سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، سردار محمد یوسف

اسلام آباد۔5جنوری (اے پی پی):کنگ سلمان ریلیف سنٹر کی جانب سے پاکستان میں ونٹر کٹس کی فراہمی کے منصوبے کا آغاز کردیا گیا، اس حوالے سے اسلام آباد میں قائم سعودی عرب کے سفارتخانے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے تقریب میں شرکت کی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے تقریب خطاب کرتے ہوئے کہا …

اسلام آباد۔5جنوری (اے پی پی):کنگ سلمان ریلیف سنٹر کی جانب سے پاکستان میں ونٹر کٹس کی فراہمی کے منصوبے کا آغاز کردیا گیا، اس حوالے سے اسلام آباد میں قائم سعودی عرب کے سفارتخانے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے تقریب میں شرکت کی۔

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے تقریب خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تعلقات بھائی چارے، محبت اور اعتماد پر مبنی ہیں، سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، کنگ سلمان ریلیف سینٹر دنیا بھر میں انسانی فلاح و بہبود کے لئے سرگرمِ عمل ہے جس میں پاکستان بھی نمایاں طور پر شامل ہے، منصوبے کے تحت ملک بھر کے مستحق خاندانوں میں 22 ہزار سرمائی کٹس تقسیم کی جا رہی ہیں جس سے تقریباً ایک لاکھ 54 ہزار افراد مستفید ہوں گے، امدادی پیکیج میں دو کمبل، خاندان بھر کے سردیوں کے کپڑے ، سویٹر، گرم جرابیں اور ٹوپیاں شامل ہیں۔

وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہا کہ آئندہ چند روز تک این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے ، رورل سپورٹ اور مقامی انتظامیہ کے ذریعے تقسیم کا عمل مکمل کیا جائے گا، یہ اقدام مملکتِ سعودی عرب کے انسانی امداد کے ادارے ’’کنگ سلمان ریلیف سنٹر‘‘ کے تعاون سے پاکستان کی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے عمل میں لایا جا رہا ہے، یہ منصوبہ خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستانی عوام سے بے لوث محبت اور ہمدردی کا مظہر ہے، سعودی سفیر نواف سعید المالکی کا بطور خاص شکریہ ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے فراخدلانہ تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہیں ، اخوت اور محبت کا یہ عمل دونوں ملکوں کے عوام اور حکومتوں کو مزید قریب تر کرنے کا سبب ہو گا۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مزید مضبوط تعلقات، امن و خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کرتے ہیں۔ منصوبے کے تحت 22 ہزار مستحق خاندانوں میں ونٹر کٹس تقسیم کی جائیں گی جس سے ایک لاکھ 54 ہزار ست زائد افراد کو فائدہ پہنچے گا۔

مزید خبریں