اسلام آباد۔5جنوری (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ سوشل پروٹیکشن والٹ کے لئے سم بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہے ،بی آئی ایس پی کی تمام سہولیات مکمل طور پر مفت ہیں ،عوام سے اپیل ہے کہ اگر کوئی بی آئی ایس پی کے نام پر جعلسازی یا لوٹ مار کر رہا ہے تو اس کی نشاندہی کریں سخت کارروائی کی …
سوشل پروٹیکشن والٹ کے لئے سم بالکل فری ،بی آئی ایس پی کی تمام سہولیات مکمل طور پر مفت ہیں ، چیئر پرسن سینیٹر روبینہ خالد

مزید خبریں
اسلام آباد۔5جنوری (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ سوشل پروٹیکشن والٹ کے لئے سم بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہے ،بی آئی ایس پی کی تمام سہولیات مکمل طور پر مفت ہیں ،عوام سے اپیل ہے کہ اگر کوئی بی آئی ایس پی کے نام پر جعلسازی یا لوٹ مار کر رہا ہے تو اس کی نشاندہی کریں سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو کراچی میں تحصیل آفس آرام باغ، ڈسٹرکٹ ساؤتھ اور ڈائنامک رجسٹری سینٹر کے دورے کے موقع پر کیا۔
سینیٹر روبینہ خالد نے ڈائنامک رجسٹری سینٹر میں موجود خواتین سے براہِ راست گفتگو کی، ان کے مسائل سنے اور سوالات کے جوابات دیے۔ انہوں نے خواتین کو ہدایت کی کہ وہ جلد از جلد سوشل پروٹیکشن والٹ کے لئے فراہم کی جانے والی سم حاصل کریں تاکہ ادائیگیوں میں شفافیت اور سہولت کو یقینی بنایا جا سکے۔چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام پاکستان کا سب سے بڑا سماجی تحفظ کا پروگرام ہے ،پیپلز پارٹی کی قیادت چاہتی ہے کہ خواتین کو ادائیگیاں مکمل شفافیت کے ساتھ کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ فراڈ اور کرپشن کے خاتمے کے لئے سوشل پروٹیکشن والٹ متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت دنیا میں پہلی بار ایک کروڑ خواتین کے ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھولے جا رہے ہیں۔سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ لوگوں کو معاشی طور پر خود مختار بنانے کے لئے بینظیر ہنرمند پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے جس کے تحت خواتین اور ان کے بچوں کو جدید تربیتی کورسز کرائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی ایسا پروگرام ہے جس سے آج پوری دنیا سیکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پالیسی کے تحت کلاس فور کے مستحق سرکاری ملازمین بھی پروگرام سے مستفید ہوئے تھے لیکن اب ایسا نہیں ، اب ہر تین سال بعد دوبارہ سروے کیا جائے گا جو معاشی طور پر بہتر ہوگا وہ پروگرام کا حصہ نہیں رہے گا تاکہ پروگرام میں مزید مستحقین کو شامل کیا جا سکے۔ روبینہ خالد نے کہا کہ دنیا فانی ہے اور ہمیں اپنے ہر عمل کا جواب اللہ تعالیٰ کو دینا ہوگا، اس لئے بے بس اور مجبور خواتین کا حق نہ ماریں بلکہ ان کا سہارا بنیں۔








