امریکہ پاکستان بزنس الائنس کے اعلیٰ سطحی وفد کا فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

اسلام آباد۔5جنوری (اے پی پی):امریکہ پاکستان بزنس الائنس (یو پی بی اے) کے اعلیٰ سطحی وفد نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کا دورہ کیا جہاں وفد نے صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ اور بزنس کمیونٹی کے اہم رہنمائوں سے ملاقات کی۔پیر کے روز فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے جاری بیان کے …

اسلام آباد۔5جنوری (اے پی پی):امریکہ پاکستان بزنس الائنس (یو پی بی اے) کے اعلیٰ سطحی وفد نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کا دورہ کیا جہاں وفد نے صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ اور بزنس کمیونٹی کے اہم رہنمائوں سے ملاقات کی۔پیر کے روز فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور امریکہ کی بزنس کمیونٹی کی نمایاں شخصیات کے علاوہ ییلے یونیورسٹی کے طلباء کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

وفد میں چیئرمین یو پی بی اے نجیب چوہدری، صدر یو پی بی اے ولید اکرام اور چیئرمین یو پی بی اے پاکستان ملک سہیل بھی شامل تھے۔اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر طارق جدون، چیئرمین کیپٹل آفس کریم عزیز ملک اور وزیراعظم کی ٹاسک فورس برائے اوورسیز پاکستانیز کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، باہمی تعاون کے فروغ، بزنس ٹو بزنس (بی ٹو بی) روابط کے قیام اور موثر کوآرڈینیشن پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے یو پی بی اے جیسے متحرک فورم کا قیام خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات کو مزید عملی اور موثر بنانے کے لیے اقدامات کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔عاطف اکرام شیخ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے تیار ہیں اور اس حوالے سے دونوں حکومتوں کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔

انہوں نے آئی ٹی، سپورٹس گڈز، ٹیکسٹائل اور مائنز اینڈ منرلز کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات کی نشاندہی کی۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور امریکہ کی بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل اور رکاوٹوں کے حل کے لیے تیز اور موثر اقدامات ناگزیر ہیں۔

صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ یو پی بی اے اور ایف پی سی سی آئی مل کر نجی شعبے کے تعاون کو فروغ دینے اور مسائل کے حل کے لیے مشترکہ اقدامات کریں گے۔آخر میں عاطف اکرام شیخ نے امریکہ پاکستان بزنس الائنس کی تشکیل اور اس میں شامل تمام قائدین کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی کوششوں کو سراہا۔

مزید خبریں