اسلام آباد۔8جنوری (اے پی پی):سال 2025 میں چھ پاکستانی بینک ایشیا اوربحرالکاہل کے خطہ میں بینکنگ کے شعبہ میں سب سے زیادہ منافع کمانے والے بینکوں میں شامل ہیں۔ یہ بات ایس اینڈ پی گلوبل مارکیٹ انٹیلی جنس کی جاری رپورٹ میں کہی گئی ۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بینک آف پنجاب نے 2025 میں 333 اعشاریہ 8 فیصدمجمو عی منافع کمایا جس کے باعث وہ خطے کے بہترین …
ایشیا اوربحرالکاہل خطہ میں چھ پاکستانی بینک 2025 کے بہترین منافع کمانے والے بینکوں میں شامل، ایس اینڈ پی گلوبل مارکیٹ انٹیلی جنس رپورٹ
اسلام آباد۔8جنوری (اے پی پی):سال 2025 میں چھ پاکستانی بینک ایشیا اوربحرالکاہل کے خطہ میں بینکنگ کے شعبہ میں سب سے زیادہ منافع کمانے والے بینکوں میں شامل ہیں۔ یہ بات ایس اینڈ پی گلوبل مارکیٹ انٹیلی جنس کی جاری رپورٹ میں کہی گئی ۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بینک آف پنجاب نے 2025 میں 333 اعشاریہ 8 فیصدمجمو عی منافع کمایا جس کے باعث وہ خطے کے بہترین منافع حاصل کرنے والے بینکوں میں شامل رہا۔ نیشنل بینک آف پاکستان نے 301 اعشاریہ 3 فیصد مجموعی منافع کے ساتھ پاکستانی بینکوں میں دوسر ی، عسکری بینک لمیٹڈ 194 اعشاریہ 2 فیصد کے ساتھ تیسرے اور بینک آف خیبر 177 اعشاریہ 4 فیصد کے منافع کے ساتھ چوتھے نمبرپررہا۔
رپورٹ کے مطابق یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ جس کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 3 اعشاریہ 8 ارب امریکی ڈالر ہے، نے 143 فیصد ریٹرن ریٹ ریکارڈ کیا۔ مکرمہ بینک نے 140 ملین امریکی ڈالر کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن کے ساتھ 119 فیصد ریٹرن ریٹ فراہم کیا جبکہ فیصل بینک جس کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 500 ملین امریکی ڈالر ہے، نے 115 فیصد مجموعی منافع فراہم کیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کا بنچ مارک کے ایس ای-100 اسٹاک انڈیکس مسلسل تیسرے سال بڑھا جس کی وجہ بہتر معاشی اشاریے، مالی نظم و نسق اور سیاسی استحکام ہے۔
انڈیکس میں 2025 میں 51 اعشاریہ 2 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا اور سال کے اختتام پر نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ اعداد و شمار کے مطابق مارکیٹ انٹیلی جنس کے تجزیے میں شامل ٹاپ ٹین میں سے نصف سے زیادہ بینکوں کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن ایک ارب ڈالر سے کم تھی جبکہ مجموعی طور پر ٹاپ ٹین بینکوں میں چھ بینک پاکستان سے تعلق رکھتے ہیں۔









