وزارت مذہبی امور کا عازمین حج 2026 کے لیے دوسری تربیتی نشست کا اہتمام

خرم شہزاد اسلام آباد۔11جنوری (اے پی پی):وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر اہتمام حاجی کیمپ اسلام آباد میں عازمین حج 2026 کے لیے دوسرے مرحلے کی تربیتی نشست کا انعقاد کیا گیا ۔ اس تربیتی پروگرام کا بنیادی مقصد عازمین کو سفرِ حج کے دوران پیش آنے والے مراحل، ضروری احتیاطی تدابیر اور مناسک حج و عمرہ کے فرائض و واجبات سے متعلق جامع آگاہی فراہم …

خرم شہزاد

اسلام آباد۔11جنوری (اے پی پی):وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر اہتمام حاجی کیمپ اسلام آباد میں عازمین حج 2026 کے لیے دوسرے مرحلے کی تربیتی نشست کا انعقاد کیا گیا ۔ اس تربیتی پروگرام کا بنیادی مقصد عازمین کو سفرِ حج کے دوران پیش آنے والے مراحل، ضروری احتیاطی تدابیر اور مناسک حج و عمرہ کے فرائض و واجبات سے متعلق جامع آگاہی فراہم کرنا ہے ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر وزارت مذہبی امور عمر بٹ نے انتظامی امور ، روانگی اور مکہ مدینہ میں رہائش اور باقی امور جبکہ ٹرینر تنویر اصغر نے حج عمرہ کے طریقہ کار، فرائض ، واجب کے حوالے سے شرکاء کو تربیت فراہم کی۔اس موقع پر ڈائریکٹر حج کمپلیکس اسلام آباد قاضی سمیع الرحمان، ڈپٹی ڈائریکٹر حکیم خان خٹک اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

تربیتی نشست میں سفرِ حج کے حوالے سے عازمین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی جسمانی استعداد بڑھانے کے لیے روزانہ ورزش اور 2 سے 3 کلومیٹر پیدل چلنے کی مشق کریں ۔عازمین حج کو بتایا گیا کہ لازمی سفری دستاویزات میں اصل پاسپورٹ، کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ، ہوائی ٹکٹ، ویزہ کی نقول اور ویکسینیشن کارڈ (گردن توڑ بخار، فلو اور پولیو) ساتھ رکھیں۔عازمین کو تاکید کی گئی کہ وہ ممنوعہ اشیاء مثلاً ہر قسم کی منشیات، نسوار، سگریٹ اور غیر مصدقہ ادویات ساتھ لے جانے سے مکمل گریز کریں۔

وزارت نے عازمین کے لیے حج 2026 کے لئے "پاک حج ایپ” کا استعمال لازمی قرار دیا ہے جس کے ذریعے وہ اپنی فلائٹ، رہائش، گروپ اور دیگر تربیتی معلومات حاصل کر سکتے ہیں ۔عازمین حج کو سعودی ویزہ کے لیے "Saudi Visa Bio” ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے بائیو میٹرک تصدیق کا طریقہ کار بھی تفصیل سے سمجھایا گیا ۔براہ راستہ مدینہ پہنچنے والے عازمین حج کو بتایا گیا کہ مدینہ منورہ میں قیام کا دورانیہ 3 سے 8 دن تک ہوگا، جس کے بعد عازمین مکہ مکرمہ روانہ ہوں گے ۔مکہ مکرمہ میں حجاج کی رہائش کے لیے تقریباً 250 عمارات کا انتظام کیا گیا ہے ۔رہائشی سیکٹرز سے حرم شریف تک عازمین کے لیے 24 گھنٹے مفت شٹل بس سروس دستیاب ہوگی۔

عازمین کوعمرہ کے مراحل کے بارے میں بتایا گیا کہ احرام باندھنا، نیت و تلبیہ، بیت اللہ کا طواف، صفا و مروہ کی سعی اور حلق یا قصر (بال کٹوانا) عمرہ کے بنیادی ارکان ہیں ۔عازمین حج کے فرائض کے حوالے سے بتایا کہ حج کے تین اہم فرائض میں احرام (نیت)، وقوفِ عرفات اور طوافِ زیارت شامل ہیں ۔حج کے واجبات میں مزدلفہ میں قیام، رمی جمار (کنکریاں مارنا)، قربانی، اور طوافِ وداع حج کے واجبات میں شمار ہوتے ہیں۔

عازمین حج کو ہنگامی حالات اور طبی مشورے دیتے ہوئے بتایا گیا کہ حج کے ایام میں سخت گرمی کے پیش نظر عازمین ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لیے چھتری، اسپرے بوتل اور او آر ایس کا استعمال یقینی بنائیں ۔کسی بھی طبی ہنگامی صورتحال میں عازمین سعودی ہیلپ لائن 937 اور سکیورٹی کیسز کے لیے 911 پر رابطہ کر سکتے ہیں ۔وزارت مذہبی امور نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس مقدس سفر کے دوران نظم و ضبط، صبر و تحمل اور ہمدردی کا مظاہرہ کریں تاکہ مناسکِ حج کی ادائیگی میں آسانی رہے۔

تربیتی نشست کے اختتام پر سوال و جواب کا ایک خصوصی سیشن منعقد ہوا جس میں عازمینِ حج نے مناسک کی ادائیگی، انتظامی امور اور سفری سہولیات سے متعلق مختلف سوالات پوچھے۔ وزارتِ مذہبی امور کے نمائندوں اور ماسٹر ٹرینرز نے تمام استفسارات کے تفصیلی جوابات دے کر عازمین کے خدشات دور کیے اور انہیں سفرِ حج کے لیے مکمل رہنمائی فراہم کی۔

مزید خبریں