اسلام آباد پولیس نے اسٹریٹ کرائم، ڈکیتی اور موٹر سائیکل چوری کی 60 سے زائد وارداتوں میں ملوث بین الصوبائی گینگ کے دو ارکان کو گرفتار کر لیا

اسلام آباد۔11جنوری (اے پی پی):اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس نے اسٹریٹ کرائم، ڈکیتی اور موٹر سائیکل چوری کی 60 سے زائد وارداتوں میں ملوث بین الصوبائی گینگ کے دو ارکان کو گرفتار کر لیا، دونوں ملزمان ساتھیوں کی انڈسٹریل ایریا میں پولیس ٹیم پر فائرنگ سے زخمی ہو گئے۔پولیس ترجمان نے اتوار کو اے پی پی کو بتایا کہ گرفتار ملزمان فہد خان اور اسد اللہ خان …

اسلام آباد۔11جنوری (اے پی پی):اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس نے اسٹریٹ کرائم، ڈکیتی اور موٹر سائیکل چوری کی 60 سے زائد وارداتوں میں ملوث بین الصوبائی گینگ کے دو ارکان کو گرفتار کر لیا، دونوں ملزمان ساتھیوں کی انڈسٹریل ایریا میں پولیس ٹیم پر فائرنگ سے زخمی ہو گئے۔پولیس ترجمان نے اتوار کو اے پی پی کو بتایا کہ گرفتار ملزمان فہد خان اور اسد اللہ خان ، اسلام آباد پولیس اور کے پی کے پولیس کو ڈکیتی اور گاڑی چوری کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھے۔ انڈسٹریل ایریا پولیس کی ٹیم مسروقہ سامان کی برآمدگی کے لیے ملزمان کو لے جا رہی تھی جب یہ واقعہ پیش آیا۔

ترجمان کے مطابق دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح ساتھیوں نے پولیس ٹیم کو روکا اور اپنے گرفتار ساتھیوں کو چھڑانے کی کوشش میں سیدھی فائرنگ کر دی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار بلٹ پروف جیکٹس اور مناسب حفاظتی سامان پہننے کی وجہ سے محفوظ رہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ملزمان کے ساتھیوں کی فائرنگ کے نتیجہ میں گرفتار ملزمان فہد خان اور اسد اللہ خان دونوں زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس نے ملزمان سے چھینی گئی موٹر سائیکل، وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کر لیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی اور موٹر سائیکل چوری کی 60 سے زائد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ فرار ہونے والے حملہ آوروں کا سراغ لگانے اور پورے گینگ کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ آئی سی ٹی پولیس منظم جرائم کے خاتمے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

مزید خبریں