وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی سے ریسٹورنٹس، کیٹررز، سویٹس اینڈ بیکرز ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

راولپنڈی۔12جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے ریسٹورنٹس، کیٹررز، سویٹس اینڈ بیکرز ایسوسی ایشن کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت سرپرستِ اعلیٰ ایسوسی ایشن چوہدری محمد نعیم، چیئرمین ممتاز احمد اور صدر محمد فاروق چوہدری نے کی۔ملاقات کے دوران وفد نے فوڈ سیکٹر کو درپیش موجودہ مسائل کے حوالے سے وفاقی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی۔ وفد نے آگاہ کیا کہ فوڈ بزنس …

راولپنڈی۔12جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے ریسٹورنٹس، کیٹررز، سویٹس اینڈ بیکرز ایسوسی ایشن کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت سرپرستِ اعلیٰ ایسوسی ایشن چوہدری محمد نعیم، چیئرمین ممتاز احمد اور صدر محمد فاروق چوہدری نے کی۔ملاقات کے دوران وفد نے فوڈ سیکٹر کو درپیش موجودہ مسائل کے حوالے سے وفاقی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی۔

وفد نے آگاہ کیا کہ فوڈ بزنس سے وابستہ تاجروں کو مختلف محکموں کی جانب سے پالیسیوں میں عدم ہم آہنگی، لائسنسنگ کے پیچیدہ نظام اور بڑھتے ہوئے اخراجات جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے جس سے نہ صرف کاروبار متاثر ہو رہا ہے بلکہ روزگار کے مواقع بھی خطرے میں پڑ رہے ہیں۔وفد نے مطالبہ کیا کہ حکومت نئی پالیسی سازی کے عمل میں فوڈ سیکٹر کے نمائندوں کی تجاویز کو شامل کرے تاکہ زمینی حقائق کے مطابق مؤثر اور قابلِ عمل پالیسیاں مرتب کی جا سکیں۔

وفد کا کہنا تھا کہ اگر فوڈ سیکٹر(فوڈ انڈسٹری )کی مشاورت سے پالیسیاں بنائی جائیں تو نہ صرف مسائل میں کمی آئے گی بلکہ حکومتی اہداف بھی بہتر انداز میں حاصل کئے جا سکیں گے۔وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے وفد کے مسائل توجہ سے سنے اور اور مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے کہا کہ فوڈ سیکٹر ملکی معیشت اور روزگار کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، اس لیے اس شعبے کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے متعلقہ فورمز پر آواز اٹھائی جائے گی اور پالیسی سازی میں مثبت تجاویز کو شامل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ملاقات کے اختتام پر وفد نے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت اور فوڈ سیکٹر کے درمیان باہمی تعاون سے درپیش مسائل کا جلد حل نکالا جائے گا۔

مزید خبریں