وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت این آئی ٹی بی کے امور سے متعلق جائزہ اجلاس، ٹیکنالوجی کے استعمال سے شہریوں کیلئے حکومتی سہولیات تک رسائی مزید آسان بنانے کی ہدایت

اسلام آباد۔12جنوری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ٹیکنالوجی کے استعمال سے شہریوں کے لیے حکومتی سہولیات تک رسائی مزید آسان بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حجاج کرام کی سہولت کے لیے اسی سال سے حج کے تمام ضروری مراحل کو مکمل ڈیجیٹائز کیا جائے۔پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت این آئی ٹی …

اسلام آباد۔12جنوری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ٹیکنالوجی کے استعمال سے شہریوں کے لیے حکومتی سہولیات تک رسائی مزید آسان بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حجاج کرام کی سہولت کے لیے اسی سال سے حج کے تمام ضروری مراحل کو مکمل ڈیجیٹائز کیا جائے۔پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت این آئی ٹی بی کے امور سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا ۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیراعظم نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر متعلقہ وزارتوں کی طرف سے اسلام آباد میں آسان خدمت مرکز کے قیام کےلیے بھرپور تیاریوں کو سراہا۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ حجاج کرام کی سہولت کے لیے اسی سال سے حج کے تمام ضروری مراحل کو مکمل ڈیجیٹائز کیا جائے،اوورسیز پاکستانیوں کے لیے کیو آر بیسڈ فیڈ بیک سسٹم کا جلد جائزہ اجلاس لوں گا۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ این آئی ٹی بی کے نئے سی ای او کی تعیناتی کے بعد ادارے کے پورے ڈھانچے کو عصری تقاضوں کے مطابق ازسرنو ترتیب دیا جا رہا ہے،اسلام آباد میں شہریوں کے لیے آسان خدمت مرکز کھولنے کیلئے تمام تیاریاں مکمل ہیں.

سرکاری شعبے کے تمام اداروں کے لیے ایک محفوظ نئے ایپ کا جلد اجراء کیا جائے گا،ہسپتالوں میں سروس کی بروقت اور بہتر فراہمی کے لیے ون پیشنٹ ون آئی ڈی کا مربوط نظام تیاری کے آخری مراحل میں ہے، اس نظام سے ہسپتالوں کی کارکردگی بہتر ہوگی اور مریضوں کی اچھی دیکھ بھال ہو سکے گی، بگ ڈیٹا کا استعمال کرتے ہوئے عدلیہ کے لیے انالیٹکس ڈیش بورڈ بھی جلد تیار کیا جا رہا ہے،این آئی ٹی بی 145 سے زائد سرکاری ویب سائٹس ، 126 سے زائد پورٹلز ، 31 سے زائد موبائل فون ایپلی کیشنز چلا رہی ہے۔

 

مزید خبریں