کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر میں خصوصی دعائیہ تقریب،مرحومین کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی

اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر اسلام آباد میں ایک خصوصی دعائیہ تقریب منعقد ہوئی جس میں جماعت اسلامی پاکستان کے سابق نائب امیر ڈاکٹر کمال، سینئر صحافی اور نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سابق صدر شکیل انجم کی اہلیہ، حریت رہنما داؤد خان کی خوشدامن، شیخ عبد الماجد کی خوشدامن اور جمیل قریشی کے والد مرحوم کے انتقال پر ایصالِ ثواب اور دعائے مغفرت …

اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر اسلام آباد میں ایک خصوصی دعائیہ تقریب منعقد ہوئی جس میں جماعت اسلامی پاکستان کے سابق نائب امیر ڈاکٹر کمال، سینئر صحافی اور نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سابق صدر شکیل انجم کی اہلیہ، حریت رہنما داؤد خان کی خوشدامن، شیخ عبد الماجد کی خوشدامن اور جمیل قریشی کے والد مرحوم کے انتقال پر ایصالِ ثواب اور دعائے مغفرت کی گئی۔ تقریب میں مرحومین کے لیے بلند درجات، جنت نشینی، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعائیں کی گئیں ، شہدائے کشمیر کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی۔تقریب کی صدارت کنوینئر کل جماعتی حریت کانفرنس غلام محمد صفی نے کی۔

اس موقع پرانہوں نے اور دیگر حریت قائدین نے غم و اندوہ کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے گہرے رنج و دکھ کے ساتھ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مصائب و آزمائش کی اس گھڑی میں کل جماعتی حریت کانفرنس تمام متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حریت کانفرنس کا مزاج اور روایت یہی ہے کہ اپنے رفقا، کارکنان اور ملتِ اسلامیہ کے ساتھ دکھ درد میں شریک رہے اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے روحانی و اخلاقی تعاون کے دروازے کھلے رکھے۔حریت قیادت نے اس موقع پر کہا کہ حق کے راستے پر چلنے والے اور ملت کی خدمت و استقامت کی روایت قائم رکھنے والے افراد کے لیے اجتماعی دعا اور ایصالِ ثواب نہ صرف اسلامی اقدار کا حصہ ہے بلکہ یہ ملی اخوت اور وحدت کا لازمی تقاضا بھی ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ موجودہ عالمی حالات اور کشمیر کی صورتحال اس امر کی متقاضی ہے کہ حریت صفوں میں تنظیم، اتحاد اور باہمی ربط مزید مضبوط کیا جائے۔دعائیہ تقریب میں جنرل سیکرٹری ایڈوکیٹ پرویز احمد، سینئر حریت رہنما محمد فاروق رحمانی، محمود احمد ساغر، سید یوسف نسیم، میر طاہر مسعود، الطاف حسین وانی، میڈم شمیم شال، شیخ عبد المتین، شیخ یعقوب، نثار مرزا، حاجی محمد سلطان، راجہ شاہین، جاوید جہانگیر، سید اعجاز رحمانی، میاں مظفر، زاہد صفی، زاہد اشرف، امتیاز وانی، محمد شفیع ڈار، سید گلشن احمد، نذیر کرناہی،

محمد اشرف ڈار، منظور احمد ڈار، زاہد مجتبیٰ اور سیکرٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ نے شرکت کی۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے دعا کی کہ اللہ ربّ العزت مرحومین کو اپنے جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔

 

مزید خبریں