اسلام آباد/راولپنڈی ۔13جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے گورنمنٹ گریجویٹ کالج اصغر مال راولپنڈی کو پاکستان کا قومی ورثہ قرار دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلد اس تاریخی تعلیمی ادارے میں ایک باضابطہ تقریب منعقد کی جائے گی جس میں اسے قومی ورثہ کا درجہ دیا جائے گا۔منگل کو وزارت قومی ورثہ و ثقافت کی جانب سے جاری بیان …
وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی کا گورنمنٹ گریجویٹ کالج اصغر مال راولپنڈی کو قومی ورثہ قرار دینے کا اعلان

مزید خبریں
اسلام آباد/راولپنڈی ۔13جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے گورنمنٹ گریجویٹ کالج اصغر مال راولپنڈی کو پاکستان کا قومی ورثہ قرار دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلد اس تاریخی تعلیمی ادارے میں ایک باضابطہ تقریب منعقد کی جائے گی جس میں اسے قومی ورثہ کا درجہ دیا جائے گا۔منگل کو وزارت قومی ورثہ و ثقافت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کالج میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ گورنمنٹ گریجویٹ کالج اصغر مال محض ایک تعلیمی عمارت نہیں بلکہ علم، شعور، کردار اور قومی تاریخ کا ایک زندہ استعارہ ہے۔
انہوں نے طلبہ کو قوم کا مستقبل اور ملک کے روشن ستارے قرار دیتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ نے قیامِ پاکستان کے وقت طلبہ کو تعلیم پر زور دینے کی تلقین کی تھی اور آج بھی یہی پیغام دیا جا رہا ہے کہ نوجوان علم اور کردار کو اپنا شعار بنائیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ طلبہ کو چاہیے کہ جب بھی انہیں بیرونِ ملک جانے کا موقع ملے وہ پاکستان کے مثبت سفیر بن کر جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج کی جرات مندانہ قربانیوں اور معرکۂ حق کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کی عزت اور وقار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور بیرونی دنیا میں لوگ پاکستان کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے کالج انتظامیہ کو وزارتِ ثقافت اور اس کے ماتحت اداروں کے ساتھ معاہدوں کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وزارت کے تمام ادارے تعلیمی و ثقافتی تعاون کے لیے تیار ہیں۔
وفاقی وزیر نے یقین دلایا کہ کالج وزارت کے ماتحت مختلف اداروں اور پلیٹ فارمز کو بلا معاوضہ استعمال کر سکتا ہے تاکہ تعلیمی اور ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔وفاقی وزیر نے اساتذہ کرام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ قوم کے معمار تیار کر رہے ہیں جبکہ انتظامیہ ادارے کی عظمت اور روایات کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ علم، اخلاق اور ذمہ داری کے ساتھ آگے بڑھیں اور ملک و قوم کا نام روشن کریں۔
اس موقع پر پرنسپل گورنمنٹ گریجویٹ کالج اصغر مال راولپنڈی پروفیسر ڈاکٹر تنویر احمد خان کھچی نے کہا کہ کالج میں آرکیالوجی (آثارِ قدیمہ) کی کلاسز کا آغاز کر دیا گیا ہے جو کسی بھی کالج میں ایک منفرد اور پہلا اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ڈائریکٹوریٹ آف آرکیالوجی اینڈ میوزیم کی معاونت درکار ہوگی، جس پر وفاقی وزیر نے مکمل تعاون اور بھرپور معاونت کی یقین دہانی کروائی۔ DG DOAM امان اللہ خان بھی اس ایونٹ میں وفاقی وزیر کے ہمراہ تھے۔








