اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):او آئی سی-کامسٹیک اور نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے اشتراک سے سوڈانی انجینئرز کے لئے خصوصی تکنیکی تربیتی پروگرام کی سرٹیفکیٹ تقسیم کی تقریب منگل کو نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی، اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔تقریب میں سوڈان کے پاکستان میں سفیر صالح محمد احمد محمد صدیق نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کوآرڈینیٹر جنرل او آئی سی-کامسٹیک مہمانِ اعزاز تھے۔ …
کامسٹیک کے زیر اہتمام سوڈانی انجینئرز کو جدید صنعتی تربیت مکمل کرنے کی تقریب کا انعقاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):او آئی سی-کامسٹیک اور نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے اشتراک سے سوڈانی انجینئرز کے لئے خصوصی تکنیکی تربیتی پروگرام کی سرٹیفکیٹ تقسیم کی تقریب منگل کو نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی، اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔تقریب میں سوڈان کے پاکستان میں سفیر صالح محمد احمد محمد صدیق نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کوآرڈینیٹر جنرل او آئی سی-کامسٹیک مہمانِ اعزاز تھے۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے ریکٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) معظّم اعجاز سمیت اعلیٰ حکام، ماہرینِ تعلیم اور شریک اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔
تقریب کے دوران تقریباً 20 سوڈانی انجینئرز میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے جنہوں نے جدید صنعتی مہارتوں پر مشتمل تربیتی کورس کامیابی سے مکمل کیا۔ یہ پروگرام کامسٹیک کی سرپرستی و نگرانی میں منعقد ہوا جس کا مقصد او آئی سی رکن ممالک کے درمیان تکنیکی استعداد میں اضافہ اور باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ جاری پریس ریلیز کے مطابق مہمانِ خصوصی سوڈانی سفیر صالح محمد احمد محمد صدیق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کامسٹیک اور نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے مشترکہ اقدام کو سراہا اور دونوں اداروں کی خدمات کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے تربیتی پروگرام سوڈان سمیت دیگر ممالک کے نوجوان انجینئرز کے لئے انتہائی مفید ثابت ہوں گے اور اس سے پاکستان اور سوڈان کے درمیان تعلیمی، تکنیکی اور باہمی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔
مہمانِ اعزاز پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ کامسٹیک او آئی سی ممالک میں انسانی وسائل کی ترقی، عملی تحقیق اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے فروغ کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے تربیتی منصوبے نوجوان پیشہ ور افراد کو صنعت کے مطابق مہارتیں فراہم کرتے ہیں اور رکن ممالک کے درمیان طویل المدتی تعاون کو تقویت دیتے ہیں۔سائنس و ٹیکنالوجی کے لئے او آئی سی کے اسسٹننٹ سیکرٹری جنرل آفتاب احمد کھوکھر نے اپنے خطاب میں اس پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشترکہ تربیتی اقدامات استعداد سازی اور سائنسی و تکنیکی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ریکٹر نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی لیفٹیننٹ جنرل (ر) معظّم اعجاز نے کہا کہ یونیورسٹی عملی بنیادوں پر جدید صنعتی تقاضوں کے مطابق تعلیم و تربیت کو فروغ دے رہی ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ تربیت یافتہ انجینئرز سوڈان میں صنعتی ترقی میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔تربیت پانے والے شرکاء کو جدید صنعتی ٹیکنالوجی اور مشین سازی کے مختلف پہلوؤں میں عملی تربیت دی گئی جبکہ قیام اور فلاحی انتظامات میں پرائم انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز نے نے تعاون کیا۔تقریب میں سرٹیفکیٹس کی تقسیم کو او آئی سی ممالک کے درمیان تکنیکی تعاون کے فروغ اور پاکستان و سوڈان کے تعلیمی و سفارتی تعلقات مضبوط بنانے کی ایک اہم پیشرفت قرار دیا گیا۔








