وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت سےسری لنکا کے سفیر کی ملاقات ، دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعاون اور مذہبی سیاحت کے فروغ پر اتفاق

اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):پاکستان اور سری لنکا نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے ثقافتی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیاہے جس میں خاص طور پر تاریخی ورثے، فنون اور مذہبی سیاحت پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔یہ اتفاق پاکستان میں نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن کے دفتر میں وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی، نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن کے سیکرٹری …

اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):پاکستان اور سری لنکا نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے ثقافتی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیاہے جس میں خاص طور پر تاریخی ورثے، فنون اور مذہبی سیاحت پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔یہ اتفاق پاکستان میں نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن کے دفتر میں وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی، نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن کے سیکرٹری اسد رحمان گیلانی اور سری لنکا کے سفیر ریئر ایڈمرل (ر) فریڈ سینویراٹن کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران طے پایا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر کے اعزازی مشیر سید عثمان شاہ بھی موجود تھے۔ملاقات میں دونوں ممالک کے تاریخی اور ثقافتی ورثے، فنون اور روایتی ثقافت کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ دونوں فریقین نے مشترکہ ثقافتی نمائشوں، فنون کی نمائشوں اور تاریخی پروگراموں کے انعقاد کی اہمیت پر روشنی ڈالی تاکہ پاکستانی اور سری لنکائی فنکاروں، ہنرمندوں اور ثقافتی اداروں کو اپنے کام کی نمائش کے مواقع فراہم کئے جا سکیں۔وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے ثقافتی سفارتکاری کو مضبوط بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم مشترکہ ثقافتی منصوبوں کے قیام کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان ہائی کمیشن سری لنکا میں پاکستانی آرکیٹیکچرل ماڈلز اور ثقافتی نمائشوں کے فروغ کے لئے اقدامات کرے گا۔وفاقی وزیر نے پاکستان کی منفرد بدھ ورثے کی اہمیت بھی اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ گندھارا تہذیب اور اس کے آثار قدیمہ کے مقامات مذہبی سیاحت کے لئے اہم کشش کا باعث بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی سیاحت کے ذریعے عوامی رابطے ثقافتی تبادلے کا مؤثر ذریعہ بنیں گے اور دونوں ممالک کے معتبر ٹور آپریٹرز خصوصی مذہبی و ثقافتی دورے منعقد کرنے میں حصہ لیں گے۔

سری لنکا کے سفیر نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے پاکستان کے میوزیمز میں محفوظ فنون اور آثارِ قدیمہ، خصوصاً ٹیکسلا اور لاہور میں موجود اشیاء میں دلچسپی ظاہر کی۔ سیکرٹری نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر اسد رحمان گیلانی نے ملاقات میں بتایا کہ پاکستان کے اہم بدھ ورثے کے مقامات کے ورچوئل دورے پہلے ہی دستیاب ہیں جو عالمی سطح پر ثقافتی ورثے کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گے۔دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ثقافتی سفارتکاری باہمی تفہیم، عوامی رابطوں اور پاکستان و سری لنکا کے درمیان دیرپا دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

اس کے علاوہ دونوں ممالک نے مشترکہ ثقافتی نمائشوں اور تقریبات کی منصوبہ بندی اور انعقاد میں قریبی تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

مزید خبریں