این آئی ایچ کی ریجنل ریفرنس لیبارٹری کی شمالی وزیرستان میں پولیو کیس کی تصدیق

اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) اسلام آباد کی ریجنل ریفرنس لیبارٹری نے ضلع شمالی وزیرستان، خیبر پختونخوا میں پولیو کیس کی تصدیق کی ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ 2025 میں شمالی وزیرستان سے رپورٹ ہونے والا پانچواں کیس ہے جس کے بعد گزشتہ سال پاکستان میں پولیو کیسز کی تعداد 31 ہو گئی ہے۔ جنوبی …

اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) اسلام آباد کی ریجنل ریفرنس لیبارٹری نے ضلع شمالی وزیرستان، خیبر پختونخوا میں پولیو کیس کی تصدیق کی ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ 2025 میں شمالی وزیرستان سے رپورٹ ہونے والا پانچواں کیس ہے جس کے بعد گزشتہ سال پاکستان میں پولیو کیسز کی تعداد 31 ہو گئی ہے۔

جنوبی خیبر پختونخوا (خیبر پختونخوا) کے شمالی وزیرستان میں یونین کونسل اسپنوام-2 کی چار ماہ کی بچی میں دسمبر میں پولیو وائرس کی علامات ظاہر ہوئیں اور اس سے حاصل کیے گئے نمونے مثبت آئے، لیب نے رواں ہفتے کیس رپورٹ کیا، لہٰذا یہ 2025 کا 31واں کیس ہے۔ گزشتہ سال پاکستان میں خیبر پختونخوا سے 20، سندھ سے 9، پنجاب اور گلگت بلتستان سے ایک ایک کیس رپورٹ ہوئے تھے۔ ملک کے 31 میں سے 17 کیسز اس خطے سے رپورٹ ہوئے۔

نیشنل ٹاسک فورس نے26۔2025کے روڈ میپ کی توثیق کی ہے جس میں بار بار ملک گیر ویکسی نیشن مہمات اور پولیو وائرس کی منتقلی کو روکنے کے لئے معمول کےحفاظتی ٹیکے لگوانے پر زور دیا گیا ہے۔اس روڈ میپ کے مطابق ملک بھر میں 2026 کی پہلی انسداد پولیو مہم 2 سے 8 فروری تک جاری رہے گی جس میں جنوبی خیبر پختونخوا بھی شامل ہے جس میں پانچ سال سے کم عمر کے 45 ملین سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

والدین سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ انسداد پولیو مہم کے دوران بچوں کو لازمی قطرےپلائیں کیونکہ ویکسی نیشن ہی زندگی بھر کی معذوری کے خلاف واحد قابل اعتماد تحفظ ہے۔مزید معلومات کے لئے صحت تحفظ ہیلپ لائن 1166 پر یا پولیو ہیلپ لائن واٹس ایپ پر7776546۔0346 پر رابطہ کریں۔

مزید خبریں