وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی زیرصدارت گیس فراہمی کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس

اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک نے شدید سرد موسم اور گیس کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر گیس فراہمی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل)، سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے سینئر حکام کے ساتھ منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔ ترجمان …

اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک نے شدید سرد موسم اور گیس کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر گیس فراہمی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل)، سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے سینئر حکام کے ساتھ منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔

ترجمان پٹرولیم ڈویژن کے مطابق وفاقی وزیر نے گھریلو صارفین کو درپیش گیس فراہمی کے مسائل کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے سوئی گیس کمپنیوں کو ہدایت کی کہ بالخصوص موسمِ سرما کے عروج کے دوران گھریلو صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لیے فوری اور تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ گھریلو صارفین کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ بروقت اور موثر فیصلوں کو یقینی بنانے کے لیے گیس کی طلب اور رسد سے متعلق ہفتہ وار رپورٹس پٹرولیم ڈویژن کو پیش کی جائیں اور یومیہ بنیادوں پر آپریشنل سطح پر نگرانی جاری رکھی جائے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گیس کی فراہمی کی گزشتہ 24 گھنٹوں کی مکمل صورتحال پر مشتمل تفصیلی رپورٹ روزانہ صبح 10 بجے پٹرولیم ڈویژن کو پیش کی جا رہی ہے تاکہ فوری اصلاحی اقدامات ممکن بنائے جا سکیں۔ اجلاس کے دوران منیجنگ ڈائریکٹر سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نے موجودہ گیس دستیابی پر بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ 6 جنوری سے گیس کی فراہمی 691 ایم ایم سی ایف ڈی سے بڑھا کر 746 ایم ایم سی ایف ڈی کر دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شیوا گیس فیلڈ سے پیداوار 55 ایم ایم سی ایف ڈی سے بڑھا کر 65 ایم ایم سی ایف ڈی کر دی گئی ہے جس سے گیس کی فراہمی میں بہتری آئی ہے۔ پرویز ملک نے اس امر پر زور دیا کہ گھریلو صارفین پر دبائو کم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کا جائزہ لیا جائے اور ہدایت کی کہ شدید سردی کے اس اہم دور میں جہاں ممکن ہو صنعتی شعبے سے گھریلو شعبے کو اضافی گیس منتقل کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے۔

منیجنگ ڈائریکٹر سوئی سدرن گیس کمپنی نے اجلاس کو بتایا کہ دو گیس فیلڈز سے سپلائی بحال ہونے کے بعد گیس کی فراہمی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں گھریلو صارفین کو 39 ایم ایم سی ایف ڈی اضافی گیس فراہم کی گئی ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گھریلو ضروریات کو ترجیح دینے کے لیے صنعتی شعبے کو ہفتہ وار گیس کی فراہمی میں ایک دن کے بجائے دو دن بندش کے امکان پر صنعتی سٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے۔ وفاقی وزیر نے اعادہ کیا کہ حکومت صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور موسم سرما کے دوران گیس کی فراہمی کے استحکام کو یقینی بنانے کے لیے صارف دوست اور فیصلہ کن اقدامات جاری رکھے گی۔