اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے جمعرات کو گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، قومی معاملات، پارلیمانی امور اور وفاق و صوبوں کے درمیان ہم آہنگی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ جمہوری نظام کے استحکام کے لئے تمام آئینی اور …
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی ملاقات ، ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال
اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے جمعرات کو گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، قومی معاملات، پارلیمانی امور اور وفاق و صوبوں کے درمیان ہم آہنگی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ جمہوری نظام کے استحکام کے لئے تمام آئینی اور قانون ساز اداروں کے درمیان مشاورت اور باہمی تعاون ناگزیر ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پارلیمنٹ ملک کے عوام کی امنگوں کی ترجمان ہے اور قومی مفاد میں قانون سازی اور پالیسی سازی کا عمل باہمی اتفاقِ رائے سے آگے بڑھایا جانا چاہئے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مضبوط رابطہ اور تعاون ملکی استحکام، ترقی اور عوامی فلاح کے لئے نہایت اہم ہے۔گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پارلیمنٹ کے کردار کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبہ خیبرپختونخوا وفاق کے ساتھ مل کر جمہوری اقدار کے فروغ اور عوامی مسائل کے حل کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔
قبل ازیں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے سپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ اور وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران ملک کے قانون ساز اداروں کے مابین باہمی تعاون کو فروغ دینے، پارلیمانی روابط کے فروغ، مؤثر قانون سازی اور وفاق و صوبوں کے درمیان ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر سردار ایاز صادق کہا کہ جمہوری نظام کے استحکام کے لئے تمام قانون ساز اداروں کے درمیان قریبی رابطہ اور مشاورت ناگزیر ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے درمیان مؤثر رابطے قانون سازی کے عمل کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی تعاون سے نہ صرف عوامی مسائل کے حل میں مدد ملتی ہے بلکہ جمہوری اقدار اور ادارہ جاتی استحکام کو بھی فروغ ملتا ہے۔
سپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ نے پارلیمانی تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی اور وفاقی قانون ساز اداروں کے درمیان تجربات کے تبادلے سے قانون سازی کے معیار میں بہتری آئے گی۔وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی نے بھی پارلیمانی روابط کے فروغ کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی قومی مفاد میں پالیسی سازی کے لئے ناگزیر ہے۔ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال، قومی مفاد کے اہم امور اور باہمی دلچسپی کے دیگر موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔









