پاکستان-آذربائیجان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ اور آذربائیجان-پاکستان بین الپارلیمانی ورکنگ گروپ کا پہلا ورچوئل اجلاس

اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):آذربائیجان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کی ایگزیکٹو کمیٹی اور آذربائیجان-پاکستان بین الپارلیمانی تعلقات کے ورکنگ گروپ کا پہلا ورچوئل اجلاس جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون کو مزید تقویت دینا اور بین الپارلیمانی روابط کو فروغ دینا تھا۔پاکستان-آذربائیجان فرینڈشپ گروپ کے کنوینر، سید رضا علی گیلانی (ایم این اے) نے پاکستانی وفد کی قیادت کی …

اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):آذربائیجان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کی ایگزیکٹو کمیٹی اور آذربائیجان-پاکستان بین الپارلیمانی تعلقات کے ورکنگ گروپ کا پہلا ورچوئل اجلاس جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون کو مزید تقویت دینا اور بین الپارلیمانی روابط کو فروغ دینا تھا۔پاکستان-آذربائیجان فرینڈشپ گروپ کے کنوینر، سید رضا علی گیلانی (ایم این اے) نے پاکستانی وفد کی قیادت کی جس میں سحر کامران، محمد معین عامر پیرزادہ، محترمہ نعیمہ کشور خان اور محترمہ سیدہ آمنہ بتول شامل تھیں۔

آذربائیجان کی جانب سے وفد کی قیادت ملی مجلس (پارلیمنٹ) کے آذربائیجان-پاکستان بین الپارلیمانی تعلقات کے ورکنگ گروپ کے سربراہ کمال الدین غفاروف نے کی، جبکہ دیگر شرکاء میں آرزو نغئیف، ب ا لشان موسایف، آمنہ آغا زادہ، جیحون محمدوف اور انار محمدوف شامل تھے۔اپنے افتتاحی کلمات میں کمال الدین غفاروف نے آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان گہری دوستی، بھائی چارے اور یکجہتی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے آذربائیجان کے لیے پاکستان کی اصولی حمایت کا تذکرہ کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان اور عوام کے ثابت قدم موقف کی تعریف کی۔

انہوں نے حالیہ اعلیٰ سطحی اور پارلیمانی روابط کو دونوں ممالک کے مضبوط اور ارتقاء پذیر دوطرفہ تعلقات کا عکاس قرار دیا۔پاکستان-آذربائیجان فرینڈشپ گروپ کے کنوینر سید رضا علی گیلانی نے آذربائیجان کے ساتھ پارلیمانی اور ادارہ جاتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تجارت، معیشت، ثقافت، تعلیم، نوجوانوں کے روابط اور عوامی سطح پر تبادلوں کے فروغ میں اراکینِ پارلیمنٹ کے کردار پر زور دیا۔ انہوں نے ٹھوس نتائج کے حصول کے لیے باقاعدہ پارلیمانی رابطوں اور مسلسل فالو اپ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

سید رضا علی گیلانی نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے حال ہی میں "پاکستان آسان خدمت مرکز” کے افتتاح کا تذکرہ کیا جو آذربائیجان کے تعاون سے قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے آذربائیجان کے "آسان خدمت مرکز” ماڈل کے تحت فراہم کردہ خصوصی تربیت کو سراہا، جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔دونوں اطراف کے اراکین نے تجارت، زراعت، سیاحت، تعلیم، تحقیق اور نوجوانوں کے تبادلے کے پروگراموں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا اور طویل مدتی شراکت داری کے فروغ میں مذاکرات، باہمی سیکھنے کے عمل اور پارلیمانی سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔

دونوں ممالک کے سفراء نے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت کو اجاگر کیا اور سفارتی روابط کی مضبوطی میں پارلیمانی تبادلوں کے تعمیری کردار کی اہمیت واضح کی۔اجلاس کا اختتام اس مشترکہ عزم کے ساتھ ہوا کہ بہتر پارلیمانی روابط، قریبی ہم آہنگی اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں مسلسل تعاون کے ذریعے پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔