اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):کسٹمز انفورسمنٹ ڈی آئی خان نے انسدادِ سمگلنگ کی مختلف کارروائیوں کے دوران سمگل شدہ اشیاء اور ان کی ترسیل میں استعمال ہونے والی گاڑیاں ضبط کر لیں جن کی مجموعی تخمینی مالیت 6کروڑ 60لاکھ روپے ہے۔ ایف بی آرکی جانب سے جمعرات کویہاں جاری بیان کے مطابق ضبط کی گئی اشیاء میں غیر ملکی ساختہ مختلف برانڈز کی سگریٹ، چھالیہ، خشخاش کے بیج، کافی، ملک …
کسٹمز انفورسمنٹ ڈی آئی خان کی کارروائیاں، 6کروڑ 60لاکھ روپے مالیت کی سمگل شدہ اشیاء اور گاڑیا ں ضبط
اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):کسٹمز انفورسمنٹ ڈی آئی خان نے انسدادِ سمگلنگ کی مختلف کارروائیوں کے دوران سمگل شدہ اشیاء اور ان کی ترسیل میں استعمال ہونے والی گاڑیاں ضبط کر لیں جن کی مجموعی تخمینی مالیت 6کروڑ 60لاکھ روپے ہے۔ ایف بی آرکی جانب سے جمعرات کویہاں جاری بیان کے مطابق ضبط کی گئی اشیاء میں غیر ملکی ساختہ مختلف برانڈز کی سگریٹ، چھالیہ، خشخاش کے بیج، کافی، ملک کریم، آٹو پارٹس،موٹریں، مردانہ ملبوسات، ٹائرز، ایم ایس جی مصالحہ، انورٹرز اور ایک نان ڈیوٹی پیڈ ٹویوٹا پریئس کار شامل ہے جن کی مالیت 4کروڑ 85لاکھ روپے ہے۔
مزید برآں سمگل شدہ اشیاء کی ترسیل میں استعمال ہونے والی کیریئر گاڑیاں بھی ضبط کی گئیں جن میں ایک مزدا ٹرک، دو بیڈفورڈ ٹرک، ایک پک اپ گاڑی اور ایک سوزوکی پک اپ شامل ہیں جن کی مجموعی تخمینی مالیت ایک کروڑ 75لاکھ روپے ہے،کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ترجمان ایف بی آرنے بتایاکہ انفورسمنٹ کی یہ کارروائیاں سمگلنگ کے سدباب، قانونی تجارت اور سرکاری محصولات کے تحفظ کے لئے ایف بی آر کے پختہ عزم کی عکاس ہیں۔









