اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) اور ایتھوپیا کے انسٹی ٹیوٹ آف فارن افیئرز (آئی ایف اے ) نے باہمی اشتراک کے استحکام کے لیے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو ) پر دستخط کیے ہیں۔ مفاہمت نامے پر آئی ایس ایس آئی کے چیئرمین سفیر خالد محمود اور ایتھوپیا کے آئی ایف اے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرجعفر بدرو نے دستخط …
پاکستان اور ایتھوپیا کے تھنک ٹینکس کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) اور ایتھوپیا کے انسٹی ٹیوٹ آف فارن افیئرز (آئی ایف اے ) نے باہمی اشتراک کے استحکام کے لیے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو ) پر دستخط کیے ہیں۔ مفاہمت نامے پر آئی ایس ایس آئی کے چیئرمین سفیر خالد محمود اور ایتھوپیا کے آئی ایف اے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرجعفر بدرو نے دستخط کیے۔
آئی ایس ایس آئی اعلامیہ کے مطابق جمعرات کو آن لائن تقریب میں پاکستان میں متعین ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا اور ایتھوپیا میں متعین پاکستانی سفیر عاطف شریف میاں نے بھی شرکت کی۔یہ معاہدہ دونوں اداروں کے مابین ایک جامع ورکنگ فریم ورک فراہم کرے گا، جس کے تحت سفارتی تربیت اور پیشہ ورانہ مہارتوں کی منتقلی کو یقینی بنایا جائے گا۔ مزید برآں وفود کے تبادلوں، مشترکہ اشاعتوں اور تحقیقی منصوبوں کے ذریعے علمی و تحقیقی روابط کو فروغ دیا جائے گا تاکہ شواہد پر مبنی پالیسی سازی کے ذریعے دونوں ممالک کے ترقیاتی اہداف حاصل کیے جا سکیں۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی ایف اے نے کہا کہ ایتھوپیا اور پاکستان کے تعلقات باہمی احترام، ساؤتھ ساؤتھ تعاون اور ایک مستحکم و خوشحال دنیا کے مشترکہ وژن پر مبنی ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئی ایف اے کی ہارن آف افریقہ اور بحیرہ احمر سے متعلق مہارت اور آئی ایس ایس آئی کی علاقائی تحقیقی صلاحیتوں کو یکجا کر کے سمندری سلامتی، تجارتی راستوں، علاقائی استحکام اور انسداد دہشت گردی جیسے اہم امور پر مشترکہ پالیسی تجاویز تیار کی جائیں گی۔
چیئرمین آئی ایس ایس آئی سفیر خالد محمود نے ایتھوپیا کو افریقہ کا دروازہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مضبوط تعلیمی اور تحقیقی روابط مشترکہ تحقیق، وفود کے تبادلے اور پالیسی مکالمے کے فروغ کے لیے ناگزیر ہیں۔ایتھوپیا کے نامزد سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مثبت سمت کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں تھنک ٹینکس پر زور دیا کہ وہ ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کریں۔
انہوں نے سیاسی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔پاکستان کے سفیر عاطف شریف نے پاکستان اور ایتھوپیا کے تعلقات میں نمایاں پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے اسلام آباد میں ایتھوپیا کے سفارت خانے کے قیام، کراچی میں ایتھوپین ایئرلائنز کی پروازوں کے آغاز، مختلف شعبوں میں وفود کے تبادلے اور اکتوبر 2025 میں ادیس ابابا میں منعقدہ پاکستان سنگل کنٹری نمائش کو اہم سنگ میل قرار دیا۔








