تنازع، ہنگامہ آرائی اور اضافی وقت کے بعد سینیگال نے دوسری مرتبہ افریقا کپ آف نیشنزجیت لیا

رباط ۔19جنوری (اے پی پی):سینیگال کی ٹیم نےفائنل میں مراکش کو شکست دے کر افریقا کپ آف نیشنز ٹورنامنٹ جیت لیا۔ ای ایس پی این کے مطابق سینیگال نے شدید تنازعات، شائقین کے درمیان بڑے تصادم اور ڈرامائی واقعات سے بھرپور فائنل کے بعد حریف ٹیم مراکش کو 0-1 سے شکست دے کر دوسری مرتبہ افریقہ کپ آف نیشنز کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ رباط میں کھیلا گیا یہ …

رباط ۔19جنوری (اے پی پی):سینیگال کی ٹیم نےفائنل میں مراکش کو شکست دے کر افریقا کپ آف نیشنز ٹورنامنٹ جیت لیا۔ ای ایس پی این کے مطابق سینیگال نے شدید تنازعات، شائقین کے درمیان بڑے تصادم اور ڈرامائی واقعات سے بھرپور فائنل کے بعد حریف ٹیم مراکش کو 0-1 سے شکست دے کر دوسری مرتبہ افریقہ کپ آف نیشنز کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ رباط میں کھیلا گیا یہ فائنل میچ کھیل سے زیادہ بدانتظامی اور تشدد کے باعث خبروں کی زینت بنا رہا۔میچ کا فیصلہ اضافی وقت میں پاپے گیئے کے سٹاپیج ٹائم گول نے کیا، تاہم اس سے قبل مقابلہ شدید تنازع کا شکار ہو چکا تھا۔

دوسرے ہاف کے اختتامی لمحات میں وی اے آر کی مدد سے مراکش کو پنالٹی دی گئی، جب سینیگال کے المدی مالک دیوف پر الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے براحیم ڈیاز کو پنالٹی ایریا میں فاؤل کیا۔ یہ فیصلہ ایسے وقت آیا جب چند منٹ قبل سینیگال کا ایک ممکنہ فیصلہ کن گول مسترد کیا جا چکا تھا، جس پر وی اے آر کا اطلاق ممکن نہیں تھا۔پنالٹی کے فیصلے کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف کے درمیان ہاتھا پائی ہو گئی، جبکہ سینیگال کے ہیڈ کوچ پاپے تھیاؤ نے احتجاجاً اپنی ٹیم کو میدان سے باہر بلا لیا۔ اسی دوران سٹیڈیم میں سینیگالی شائقین کے ایک حصے نے سکیورٹی اہلکاروں سے جھڑپ شروع کر دی، جس میں کرسیاں پھینکی گئیں اور شدید بدنظمی دیکھنے میں آئی۔

تقریباً 20 منٹ کے تعطل کے بعد حالات قابو میں آئے تو کھیل دوبارہ شروع ہوا۔ مراکش کے براحیم ڈیاز نے تاخیر سے دی گئی پنالٹی لی، مگر وہ گول کرنے میں ناکام رہے، جس کے بعد میچ اضافی وقت میں داخل ہو گیا۔آخرکار اضافی وقت میں پاپے گیئے نے فیصلہ کن گول کر کے سینیگال کو فتح دلا دی اور ٹیم نے دوسری مرتبہ افریقہ کپ آف نیشنزجیت لیا۔یہ سینیگال کا گزشتہ تین ایڈیشنز میں دوسرا ٹائٹل ہے۔ اس سے قبل انہوں نے 2021 میں مصر کو شکست دے کر ٹرافی جیتی تھی، جبکہ 2019 کے فائنل میں الجزائر کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

مزید خبریں