علی رضا کی چار وکٹیں اور عثمان خان کی نصف سنچری، پاکستان انڈر 19کی اسکاٹ لینڈ انڈر 19کے خلاف چھ وکٹوں سے فتح

لاہور۔19جنوری (اے پی پی):علی رضا کی شاندار چار وکٹوں اور عثمان خان کی عمدہ نصف سنچری کی بدولت پاکستان انڈر 19نے آئی سی سی انڈر 19مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے 12ویں میچ میں اسکاٹ لینڈ انڈر 19کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ پی سی بی ترجمان کے مطابق میچ پیر کی سہ پہر ہرارے کے تاکاشنگا اسپورٹس کلب میں کھیلا گیا۔ یہ پاکستان کی ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی تھی، …

لاہور۔19جنوری (اے پی پی):علی رضا کی شاندار چار وکٹوں اور عثمان خان کی عمدہ نصف سنچری کی بدولت پاکستان انڈر 19نے آئی سی سی انڈر 19مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے 12ویں میچ میں اسکاٹ لینڈ انڈر 19کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ پی سی بی ترجمان کے مطابق میچ پیر کی سہ پہر ہرارے کے تاکاشنگا اسپورٹس کلب میں کھیلا گیا۔ یہ پاکستان کی ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی تھی، اس سے قبل اسے اسی میدان پر 16جنوری کو انگلینڈ کے ہاتھوں 37رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔188رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز کچھ خاص نہ رہا اور 11.1اوورز میں اسکور 48پر دونوں اوپنرز پویلین لوٹ گئے۔

علی حسن بلوچ (15 رنز، 33گیندیں، ایک چوکا) پہلے آوٹ ہوئے جبکہ ان کے بعد سمیع منہاس (28 رنز، 30گیندیں، تین چوکے)بھی رائٹ آرم آف اسپنر اولی جونز کا شکار بنے۔اس موقع پر بائیں ہاتھ کے بلے باز عثمان خان اور احمد حسین نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 111رنز کی شراکت قائم کی۔ عثمان خان نے 85گیندوں پر 75رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں پانچ چوکے اور دو چھکے شامل تھے جبکہ احمد حسین نے 92گیندوں پر 47رنز بنائے اور تین چوکے لگائے۔پاکستان نے مطلوبہ ہدف 44ویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

اس سے قبل، ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہوئے سکاٹ لینڈ کی پوری ٹیم 48.1اوورز میں 187 رنز پر آوٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے علی رضا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 37رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ ان کا بھرپور ساتھ بائیں ہاتھ کے اسپنر مومن قمر نے دیا جنہوں نے 9اوورز میں 46رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ رائٹ آرم فاسٹ بولر عبدالصبحان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر محمد صیام جنہیں عمر زیب کی جگہ پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا تھا، نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ان کی یہ وکٹ 46ویں اوور میں مانو سارسوت (25رنز، 36گیندیں، ایک چھکا) کی شاندار رننگ بیک کیچ کے ذریعے احمد حسین نے دلوائی۔اسکاٹ لینڈ کی جانب سے اوپننگ بلے باز تھامس نائٹ 72گیندوں پر 37رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جس میں تین چوکے شامل تھے۔پاکستان انڈر 19اب اپنے آخری گروپ سی میچ میں 22جنوری کو زمبابوے انڈر 19کا سامنا کرے گا۔میچ کے بہترین کھلاڑی: عثمان خان (پاکستان انڈر 19) رہے۔

مزید خبریں