اسلام آباد۔20جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ گل پلازہ میں پیش آنے والے افسوسناک آتشزدگی کے واقعے پر وفاقی حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے اور اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔منگل کو ایوان بالا میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے سانحات میں سب سے پہلے دعا کی ضرورت ہوتی ہے …
گل پلازہ میں پیش آنے والے افسوسناک آتشزدگی کے واقعے پر وفاقی حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے، طارق فضل چوہدری

مزید خبریں
اسلام آباد۔20جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ گل پلازہ میں پیش آنے والے افسوسناک آتشزدگی کے واقعے پر وفاقی حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے اور اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔منگل کو ایوان بالا میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے سانحات میں سب سے پہلے دعا کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ قیمتی انسانی جانوں کا نقصان کبھی پورا نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اس واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ آئینی اور انتظامی طور پر ایسے واقعات کی روک تھام اور ان سے نمٹنے کی بنیادی ذمہ داری صوبائی حکومتوں پر عائد ہوتی ہے جو دو اہم مراحل پر مشتمل ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ پہلا مرحلہ تعمیر کے وقت سخت بلڈنگ کنٹرول، حفاظتی معیار پر عملدرآمد اور ہنگامی راستوں کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بھی نہایت ضروری ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ حفاظتی انتظامات برقرار رہیں تاہم اکثر دیکھا گیا ہے کہ پارکس، کھلی جگہیں یا ہنگامی گزرگاہیں بتدریج کمرشل استعمال میں تبدیل کر دی جاتی ہیں جو عوامی تحفظ کے لیے خطرہ بن جاتی ہیں۔
ان کے مطابق حفاظتی قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانا صوبائی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ دوسرا اہم مرحلہ کسی حادثے کے بعد کا ہوتا ہے جس میں صوبائی محکموں اور مقامی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ فوری طور پر ریسکیو آپریشن کیا جائے، فائر بریگیڈ اور امدادی گاڑیاں بروقت پہنچیں تاکہ جانی و مالی نقصان کم سے کم ہو۔انہوں نے واضح کیا کہ وفاقی حکومت نے کبھی اپنی ذمہ داریوں سے منہ نہیں موڑا اور جہاں بھی ضرورت پڑی، ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ جہاں جہاں وفاقی حکومت کا کردار درکار ہوگا، ہم اسے ہمیشہ کی طرح پورا کریں گے۔طارق فضل چوہدری نے واقعے میں تین قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور کارکنان نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت اور یکجہتی کیا ہے اور آئندہ بھی ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔انہوں نے ایوان کو یقین دلایا کہ وفاقی حکومت ایسے حساس معاملات کو سنجیدگی اور ہمدردی کے ساتھ دیکھتی ہے اور مستقبل میں اس نوعیت کے سانحات کی روک تھام کے لیے ہرممکن تعاون جاری رکھا جائے ۔








