تعلیم، ہنر مندی اور سمال انٹرپرائزز غربت کے خاتمے کی بنیاد ہیں، قیصر احمد شیخ

کراچی ۔20جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے کراچی میں چنیوٹی شیخ سوسائٹی کی فنڈ ریزنگ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جہاں انہوں نے تعلیم، ہنر مندی اور سمال انٹرپرائزز کو پائیدار معاشی ترقی اور غربت کے خاتمے کے لیے کلیدی عوامل قرار دیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی کے بغیر غربت کا خاتمہ …

کراچی ۔20جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے کراچی میں چنیوٹی شیخ سوسائٹی کی فنڈ ریزنگ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جہاں انہوں نے تعلیم، ہنر مندی اور سمال انٹرپرائزز کو پائیدار معاشی ترقی اور غربت کے خاتمے کے لیے کلیدی عوامل قرار دیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی کے بغیر غربت کا خاتمہ ممکن نہیں۔

انہوں نے چین کی ترقی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور ٹیکنالوجی میں موثر سرمایہ کاری نے چین کو عالمی سطح پر معاشی ترقی اور عوام کو غربت سے نکالنے میں نمایاں کامیابی دلائی۔قیصر احمد شیخ نے کہا کہ ملکی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ میں کاروباری برادری کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے اور معاشرتی فلاح کے لیے حکومت کے ساتھ ساتھ کمیونٹیز کا فعال کردار بھی ناگزیر ہے۔

انہوں نے چنیوٹی شیخ برادری کی فلاحی خدمات بالخصوص تعلیم، ہنر مندی اور سمال انٹرپرائزز کی تربیت کو سراہا۔وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایس ایم ایز) میں سرمایہ کاری روزگار کے مواقع پیدا کرنے، معاشی خود کفالت اور قومی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان بورڈ آف انویسٹمنٹ کے ذریعے بزنس فیسلٹیشن سینٹرز (بی ایف سیز) سمیت ریگولیٹری اصلاحات متعارف کروا رہی ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولت، شفاف نظام اور تیز تر کاروباری عمل فراہم کیا جا سکے۔

آخر میں وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ سرمایہ کاری کے فروغ، کاروبار دوست ماحول کی تشکیل اور تعلیم و ہنر مندی پر مبنی ترقی کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔