اسلام آباد۔20جنوری (اے پی پی):پاکستان-ویتنام پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کا ایک اہم اجلاس کنوینر صبا صادق کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاکستان میں ویتنام کے سفیر فام آنہ توان نے خصوصی شرکت کی۔اجلاس میں فرینڈ شپ گروپ کے اراکین حاجی رسول بخش چانڈیو،صادق علی میمن، اختر بی بی، شائستہ خان، آسیہ ناز تنولی اور شہناز سلیم ملک نے شرکت کی۔ کنوینر صبا صادق نے اپنے …
پاکستان-ویتنام پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کا اہم اجلاس، دوطرفہ تجارت اور پارلیمانی روابط بڑھانے پر اتفاق

مزید خبریں
اسلام آباد۔20جنوری (اے پی پی):پاکستان-ویتنام پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کا ایک اہم اجلاس کنوینر صبا صادق کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاکستان میں ویتنام کے سفیر فام آنہ توان نے خصوصی شرکت کی۔اجلاس میں فرینڈ شپ گروپ کے اراکین حاجی رسول بخش چانڈیو،صادق علی میمن، اختر بی بی، شائستہ خان، آسیہ ناز تنولی اور شہناز سلیم ملک نے شرکت کی۔
کنوینر صبا صادق نے اپنے استقبالیہ کلمات میں ویتنام کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری حکومتی سطح کے رابطوں کو مزید مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، عوامی روابط اور ثقافتی تبادلوں کے لیے بین پارلیمانی تعاون کو ایک موثر پلیٹ فارم قرار دیا۔ انہوں نے ویتنام کی نیشنل اسمبلی میں بھی اسی طرز کے فرینڈ شپ گروپ کی تشکیل کی خواہش ظاہر کی تاکہ باقاعدہ روابط کو ادارہ جاتی شکل دی جا سکے۔
ویتنامی سفیر فام آنہ توان نے گرمجوشی سے استقبال پر اراکین کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت، قابل تجدید توانائی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور ثقافتی تبادلوں میں تعاون کے وسیع مواقع کی نشاندہی کی۔ سفیر نے دوطرفہ تعلقات کی مکمل صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے پارلیمانی اور عوامی رابطوں کو ناگزیر قرار دیا۔
فرینڈ شپ گروپ کے اراکین نے ٹیکسٹائل، زراعت، فارماسوٹیکل، حلال مصنوعات اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں بزنس ٹو بزنس (بی ٹو بی) روابط بڑھانے، مشترکہ منصوبوں کی حوصلہ افزائی اور تجارتی وفود کے تبادلے کے ساتھ ساتھ براہ راست فضائی رابطوں کے امکانات تلاش کرنے پر زور دیا گیا۔ اراکین نے ویتنامی وفد کو ٹیکسلا اور گندھارا تہذیب کے تاریخی مقامات کا دورہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے ثقافتی ورثے اور نمائشوں کے ذریعے عوامی قربت بڑھانے کی تجویز پیش کی۔
اجلاس میں ویتنام میں پاکستانی سفارت خانے کی ڈپٹی ہیڈ آف مشن فائزہ اختر نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ انہوں نے تجارتی روابط اور تعلیمی ہم آہنگی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور سفارتی و تجارتی ذرائع کے درمیان مسلسل ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔اجلاس کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ دونوں پارلیمانوں کے درمیان مستقل مکالمہ اور منظم تعامل پاکستان اور ویتنام کے تعلقات کو مزید بلندیوں تک لے جانے میں معاون ثابت ہوگا۔








