حکومت سندھ کی ثقافت اور ورثے کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی، وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی

حیدرآباد۔ 21 جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے کہا ہے کہ سندھ اولیائے کرام، درویشوں اور صوفیاء کی دھرتی ہے، جہاں محبت، رواداری اور امن کا پیغام نسل در نسل منتقل ہو رہا ہے، حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کے دربار پر حاضری روحانی سکون اور قلبی مسرت کا باعث بنی، یہاں آ کر جو فضا محسوس کی وہ بیان سے بالاتر ہے۔ …

حیدرآباد۔ 21 جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے کہا ہے کہ سندھ اولیائے کرام، درویشوں اور صوفیاء کی دھرتی ہے، جہاں محبت، رواداری اور امن کا پیغام نسل در نسل منتقل ہو رہا ہے، حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کے دربار پر حاضری روحانی سکون اور قلبی مسرت کا باعث بنی، یہاں آ کر جو فضا محسوس کی وہ بیان سے بالاتر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھٹ شاہ میں عظیم صوفی شاعر حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کے مزار پر حاضری کے بعد "اے پی پی” سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے مزار پر چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور ملک و قوم کی سلامتی، اتحاد اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کامل یقین ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے نیک بندوں کے وسیلے سے دعائیں ضرور قبول فرماتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ کی ثقافت اپنی وسعت اور خوبصورتی کی بدولت دنیا بھر میں ممتاز مقام رکھتی ہے۔ یہاں کے لوگوں کا لباس، رہن سہن، زبان، موسیقی اور صوفی روایت ہماری قومی شناخت کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ شاہ سائیں کا پیغامِ محبت آج بھی دلوں کو جوڑ رہا ہے اور معاشرے میں ہم آہنگی پیدا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے شانہ بشانہ سندھ کے ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے سندھ آرکیالوجی اور کلچر ڈیپارٹمنٹ کی مشترکہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام ادارے مل کر سندھ کے تاریخی ورثے کو محفوظ بنانے میں مصروفِ عمل ہیں۔ بعد ازاں وفاقی وزیر نے درگاہ کے احاطے میں شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کا کلام سنا، جس کی وجد آفریں دھنوں نے صوفیانہ فضا کو مزید معطر کر دیا ، انہوں نے مزار کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کیا۔