اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):اسلامی ترقیاتی بینک کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ کیا اور پراجیکٹس پر جاری تعمیراتی کاموں کا مشاہدہ کیا۔ ترجمان واپڈا کے مطابق تین رکنی وفد کی قیادت اسلامی ترقیاتی بینک کے نائب صدر (آپریشنز ) ڈاکٹر رامی محمود احمد کر رہے تھے۔ دورے کے دوران وفد نے پراجیکٹ کی تمام تعمیراتی سائٹس کا تفصیلی معائنہ کیا۔ واپڈا کے …
اسلامی ترقیاتی بینک کے وفد کا مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ، منصوبے پر پیشرفت بارے بریفنگ دی گئی

مزید خبریں
اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):اسلامی ترقیاتی بینک کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ کیا اور پراجیکٹس پر جاری تعمیراتی کاموں کا مشاہدہ کیا۔ ترجمان واپڈا کے مطابق تین رکنی وفد کی قیادت اسلامی ترقیاتی بینک کے نائب صدر (آپریشنز ) ڈاکٹر رامی محمود احمد کر رہے تھے۔ دورے کے دوران وفد نے پراجیکٹ کی تمام تعمیراتی سائٹس کا تفصیلی معائنہ کیا۔ واپڈا کے اعلیٰ حکام، کنٹریکٹرز اور کنسلٹنٹس کے ماہرین نے وفد کو منصوبے کے تکنیکی پہلوؤں سے آگاہ کیا۔ بعد ازاں جنرل منیجر؍پراجیکٹ ڈائریکٹر مہمند ڈیم عاصم رؤف خان نے پراجیکٹ آفس میں وفد کو منصوبے پر پیشرفت کے بارے میں ایک جامع بریفنگ دی جس میں انہوں نے تعمیراتی اہداف کے حصول اور مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں آگاہ کیا۔
وفد نے پراجیکٹ پر سول، الیکٹریکل اور مکینیکل ورکس کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کی اور بین الاقوامی اصولوں کے مطابق پراجیکٹ پر انجینئرنگ کے معیار کی تعریف کی۔ اسلامی ترقیاتی بینک کی جانب سے منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی۔ اسلامی ترقیاتی بینک مہمند ڈیم کی تعمیر کے لئے 180 ملین ڈالر کی مالی معاونت فراہم کر رہا ہے۔ یہ معاونت سپل وے کےگیٹس، ڈائی ورشن ٹنلز کےگیٹس اور پاور ہاؤس کی ٹربائنز اور جنریٹرز کی تکمیل اور تنصیب پر خرچ کی جارہی ہے۔ ڈاکٹر رامی محمود احمد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلامی ترقیاتی بینک پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی اور توانائی کے شعبے میں خودکفالت کے لیے اپنا تعاون مستقبل میں بھی جاری رکھے گا۔








