اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):ہلال احمر پاکستان کی چیئرپرسن فرزانہ نائیک سے پاکستان میں انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس (آئی سی آر سی) کے سربراہ کرسٹوف سٹر نے ہلال احمر پاکستان کے نیشنل ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ ملاقات میں کے پی کے ضم شدہ اضلاع بالخصوص ضلع کرم اور وادی تیراہ میں تیزی سے بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران چیئرپرسن فرزانہ نائیک نے …
ہلال احمر پاکستان کی چیئرپرسن فرزانہ نائیک سے پاکستان میں انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس کے سربراہ کرسٹوف سٹر کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):ہلال احمر پاکستان کی چیئرپرسن فرزانہ نائیک سے پاکستان میں انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس (آئی سی آر سی) کے سربراہ کرسٹوف سٹر نے ہلال احمر پاکستان کے نیشنل ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ ملاقات میں کے پی کے ضم شدہ اضلاع بالخصوص ضلع کرم اور وادی تیراہ میں تیزی سے بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران چیئرپرسن فرزانہ نائیک نے آئی سی آر سی کے سربراہ کے ساتھ موجودہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے متاثرہ آبادی کے لیے فوری ضروریات سے متعلق بات چیت کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ضم شدہ اضلاع کی نازک اور حساس صورتحال فوری اور مربوط انسانی امداد کی متقاضی ہے تاکہ متاثرہ گھرانوں کو درپیش بڑھتے ہوئے مسائل کا موثر طور پر ازالہ کیا جا سکے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہلال احمر پاکستان آئی سی آر سی کے ساتھ اپنی دیرینہ شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔اس موقع پر کرسٹوف سٹر کا کہنا تھا کہ آئی سی آر سی 1947ء سے پاکستان میں خدمات انجام دے رہی ہے اور انہوں نے ہلال احمر پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کو ترجیح قرار دیا۔انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ آئی سی آر سی ضلع تیراہ اور وادی کرم میں انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے ہلال احمر پاکستان کی مکمل معاونت کے لیے تیار ہے۔انہوں نے اس بات کو تسلیم کیا کہ ضم شدہ اضلاع اب بھی انتہائی حساس ہیں اور انہیں مسلسل انسانی امداد کی ضرورت ہے، ہلال احمر پاکستان نیشنل ہیڈکوارٹر کے ذریعے ضم شدہ اضلاع کی برانچ کو بھرپور معاونت کی فراہمی جاری رکھی جائے گی ۔
فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ برانچ کی سطح پر درپیش آپریشنل چیلنجز کی نشاندہی اور ان کے حل کے لیے مشترکہ طور پر کام کیا جائے گا تاکہ انسانی امداد بروقت اور موثر انداز میں متاثرہ علاقوں تک پہنچائی جا سکے۔ انہوں نے کرم اور تیراہ کے متاثرہ علاقوں میں نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس ٹیموں کی تعیناتی کو سراہا۔کرسٹوف سٹر نے باہمی تعاون اور رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان بھر میں متاثرہ آبادی کو بروقت اور جان بچانے والی امداد فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔








