کراچی۔ 22 جنوری (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے اسلامک چیمبر آف کامرس اینڈ ڈویلپمنٹ کے سیکرٹری جنرل یوسف حسن خلاوی اور سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی خالد تواب نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔جمعرات کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے پاکستان کی معاشی صورتحال اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی …
پاکستان کی معاشی بقا ء اور مضبوطی کے لیے’’میثاقِ معیشت‘‘ ناگزیر ہے، گورنر سندھ

مزید خبریں
کراچی۔ 22 جنوری (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے اسلامک چیمبر آف کامرس اینڈ ڈویلپمنٹ کے سیکرٹری جنرل یوسف حسن خلاوی اور سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی خالد تواب نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔جمعرات کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے پاکستان کی معاشی صورتحال اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی بقا ء اور مضبوطی کے لیے’’میثاقِ معیشت‘‘ ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی گورنر ہائوس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو مدعو کریں گے تاکہ ایک مشترکہ معاشی چارٹر پر دستخط کیے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ گورنر ہائوس اب صرف عوامی ہی نہیں بلکہ ایک ‘تجارتی گورنر ہائوس’ کے طور پر بھی کام کر رہا ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔ انہوں نے اسلامک چیمبر آف کامرس کے ہیڈ کوارٹر کی کراچی میں موجودگی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب سمیت تمام اسلامی ممالک پاکستان کی معاشی خوشحالی کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، چین، ترکیہ، عمان اور قطر پاکستان کی بھرپور حمایت کے لیے تیار ہیں۔
گورنرسندھ نے واضح کیا کہ گورنر ہائوس اسلامک چیمبر آف کامرس کی ایک فعال برانچ کے طور پر خدمات انجام دے گا اور وہ یورپی قونصل جنرلز اور بزنس کمیونٹی کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے رہیں گے۔گورنر سندھ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو بھارت اور بنگلہ دیش پر عائد ٹیرف سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے ٹیکس نظام کی درستی کے لیے ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک کے ساتھ مل کر بیٹھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکسٹائل کے علاوہ دیگر شعبوں اور وسطی ایشیا کی نئی مارکیٹوں پر توجہ مرکوز کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
گورنر سندھ نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا سلوگن پاکستان کو معاشی اور تعلیمی طور پر فاتح بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہائوس میں 50 ہزار بچوں کو آئی ٹی کورسز کروا کر انہیں خود کفیل بنایا جا رہا ہے۔ دہشت گردی سے پاک پاکستان، تعلیم کی فراہمی اور روزگار ان کی اولین ترجیح ہے۔پاک فوج کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی، اب ہمارا ہدف ملک کو معاشی محاذ پر کامیاب بنانا ہے۔ انہوں نے گل پلازہ میں پیش آنے والے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور دعا کی کہ مستقبل میں ایسے افسوسناک حادثات دوبارہ رونما نہ ہوں۔








