وزیرِ خزانہ کی سعودی وزیرِ سرمایہ کاری سے ملاقات، جاری تعاون کا جائزہ اور اقتصادی شراکت داری کے فروغ پر گفتگو

ڈیووس ۔22جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب نے جمعرات کو ڈیوس میں ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر مملکتِ سعودی عرب کے وزیرِ سرمایہ کاری خالد الفالح سے ملاقات کی۔ملاقات میں مختلف شعبوں میں جاری تعاون اور موجودہ و مجوزہ منصوبوں میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ سعودی وزیر نے پاکستان کی اہمیت اور صلاحیت کو سراہا، بالخصوص …

ڈیووس ۔22جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب نے جمعرات کو ڈیوس میں ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر مملکتِ سعودی عرب کے وزیرِ سرمایہ کاری خالد الفالح سے ملاقات کی۔ملاقات میں مختلف شعبوں میں جاری تعاون اور موجودہ و مجوزہ منصوبوں میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ سعودی وزیر نے پاکستان کی اہمیت اور صلاحیت کو سراہا، بالخصوص قدرتی وسائل، اسٹریٹجک محلِ وقوع اور سرمایہ کاری کے ابھرتے ہوئے مواقع کے حوالے سے اہم شعبوں پر بات چیت کی ۔

دونوں وزراء نے کہا کہ دونوں ممالک کی تکنیکی ٹیمیں مشترکہ ترجیحات کو آگے بڑھانے اور آئندہ روابط کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے قریبی رابطے میں کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے مسلسل رابطہ اور ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔دونوں فریقین نے قریبی تعاون، ادارہ جاتی روابط کے فروغ اور باقاعدہ اعلیٰ سطحی روابط برقرار رکھنے کے ذریعے دوطرفہ شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مسلسل رابطہ اور باہمی اعتماد مشترکہ اہداف کو عملی اور باہمی مفاد پر مبنی منصوبوں میں تبدیل کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ دونوں وزراء نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ قریبی شراکت داری اور مسلسل مکالمہ پاکستان اور مملکتِ سعودی عرب کے درمیان اقتصادی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔