گورنر خیبر پختونخوا سے گرینڈ جرگہ سرکل کنڈیان کے وفد کی ملاقات ، مسائل سے آگاہ کیا

پشاور۔ 23 جنوری (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے قیوم خان کنڈی کی قیادت میں گرینڈ جرگہ سرکل کنڈیان کے نمائندہ وفد نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ ترجمان گورنر ہاؤس پشاور کے مطابق وفد میں سلیم خان (ر) پرنسپل، رحمت اللہ کنڈی، شاہ نواز خان صدر امن جرگہ، ملک عظیم خان اور دیگر علاقائی رہنما شامل تھے۔ملاقات کے دوران وفد نے گورنر کو سرکل کنڈیان …

پشاور۔ 23 جنوری (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے قیوم خان کنڈی کی قیادت میں گرینڈ جرگہ سرکل کنڈیان کے نمائندہ وفد نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ ترجمان گورنر ہاؤس پشاور کے مطابق وفد میں سلیم خان (ر) پرنسپل، رحمت اللہ کنڈی، شاہ نواز خان صدر امن جرگہ، ملک عظیم خان اور دیگر علاقائی رہنما شامل تھے۔ملاقات کے دوران وفد نے گورنر کو سرکل کنڈیان کو درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔

وفد نے مطالبہ کیا کہ ٹانک تا پیزو روڈ کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے، سی پیک یارک سے درکئی تک شارٹ کٹ روڈ تعمیر کی جائے، سرکل کنڈیان کو گیس رائلٹی میں ملنے والی رقم جرگہ کی مشاورت سے خرچ کی جائے اور مقامی آبادی کو گیس کی سہولت فراہم کی جائے۔ اس کے علاوہ بجلی کے مسائل، بوسیدہ تاروں کی تبدیلی اور بجلی کی فراہمی میں بہتری کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا۔

وفد سےگفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان سمیت پورے خیبر پختونخوا کی ترقی ہمیشہ ان کی ترجیحات میں شامل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر سے علاقائی ترقی میں نمایاں بہتری آئے گی اور اس حوالے سے متعلقہ حکام سے بات کی جائے گی۔ گورنر نے بتایا کہ یارک سی پیک سے درکئی تک شارٹ کٹ روڈ کی تعمیر کے لیے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گیس رائلٹی علاقے کے عوام کا حق ہے، گیس رائلٹی کے شفاف استعمال کے ساتھ ساتھ سب سے پہلے گیس کی فراہمی میں بھی مذکورہ علاقے کے باسیوں کو ترجیح دی جائے گی۔

گورنر نے بتایا کہ ٹانک میں نادرا کے سہولت مراکز اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے سہولت سنٹرز قائم کیے جائیں گے ۔علاقہ کے بڑے دیہاتوں میں جلد ہی ان مراکز کا افتتاح کیا جائے گا تاکہ عوام کو دور دراز علاقوں تک جانے کی زحمت سے نجات مل سکے۔گورنر خیبر پختونخوا نے بجلی کے مسائل کے حل کے لیے بوسیدہ تاروں کو ہٹانے اور بجلی کے نظام کو بہتر بنانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ وفد نے علاقائی مسائل کے حل کے لیے گورنر خیبر پختونخوا کے کردار اور کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔