گورنر خیبرپختونخوا سے کرم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کی ملاقات،تاجربرادری کودرپیش مسائل پرگفتگو

پشاور۔ 23 جنوری (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سےمعروف کاروباری شخصیت اور کرم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سید جواد کاظمی کی قیادت میں وفد نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ترجمان گورنر ہاؤس پشاور کے مطابق ملاقات کے دوران صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور تاجر برادری کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔وفد نے اس بات پر زور دیا کہ صوبے میں …

پشاور۔ 23 جنوری (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سےمعروف کاروباری شخصیت اور کرم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سید جواد کاظمی کی قیادت میں وفد نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ترجمان گورنر ہاؤس پشاور کے مطابق ملاقات کے دوران صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور تاجر برادری کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔وفد نے اس بات پر زور دیا کہ صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اس موقع پر وفد نے آگاہ کیا کہ چیمبر آف کامرس کی صوبائی کانفرنس کے انعقاد کی تیاریاں جاری ہیں۔ جس میں خیبرپختونخوا بھر کے تمام چیمبرز آف کامرس شرکت کریں گے۔وفد نے افغان بارڈر ٹریڈ کی بندش پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ سرحدی تجارت کی بندش سے یومیہ لاکھوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے جس سے تاجر برادری شدید متاثر ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ بارڈر پر سلاٹر ہاؤس کے قیام کے معاملے پر بھی گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بدامنی اور دہشت گردی میں افغانستان کی مداخلت اور افغان حکومت کا رویہ سرحدی صورتحال کی ایک بڑی وجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان تمام زمینی حقائق سے بخوبی آگاہ ہے اور سرحدی تجارت سے متعلق مسائل کو حل کیا جائے گا۔

گورنر نے بارڈر پر سلاٹر ہاؤس کے قیام سمیت تاجر برادری کے جائز مطالبات کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی معاشی ترقی کے لیے صنعت و تجارت کا فروغ ناگزیر ہے اور اس سلسلے میں تاجر برادری کا کردار انتہائی اہم ہے۔