ملتان۔ 23 جنوری (اے پی پی):وزیرِمملکت برائے توانائی و پبلک افیئرز یونٹ عبدالرحمان کانجو نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارا روشن مستقبل ہے،ہماری حکومت نوجوان نسل خصوصا طلبا کے بہتر مستقبل کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے ہیں،وزیر اعظم شہباز شریف نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ان کو بہتر تعلیم وتربیت فراہم کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں بہاالدین زکریا یونیورسٹی …
ہماری حکومت نوجوان نسل خصوصا طلبا کے بہتر مستقبل کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھا رہی ہے ، عبدالرحمن کانجو

مزید خبریں
ملتان۔ 23 جنوری (اے پی پی):وزیرِمملکت برائے توانائی و پبلک افیئرز یونٹ عبدالرحمان کانجو نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارا روشن مستقبل ہے،ہماری حکومت نوجوان نسل خصوصا طلبا کے بہتر مستقبل کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے ہیں،وزیر اعظم شہباز شریف نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ان کو بہتر تعلیم وتربیت فراہم کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں بہاالدین زکریا یونیورسٹی میں پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم فیز فور کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وزیر مملکت عبدالرحمن کانجو نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت دیئے جانے والے لیپ ٹاپس کسی سفارش کا نتیجہ نہیں بلکہ طلبہ کی محنت اوراہلیت کا اعتراف ہیں، الحمدللہ یہ اسکیم مکمل طور پر شفاف ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی واضح ہدایت ہے کہ تمام سرکاری اسکیموں میں میرٹ کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی قسم کی سفارش یا ریکمنڈیشن کی گنجائش نہ ہو۔
وزیرِ مملکت نے کہا کہ موجودہ دور آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور جدید ٹیکنالوجی کا دور ہے، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی ضرورت ہے ،طلبہ ان لیپ ٹاپس کو تعلیم کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے استعمال کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا مقصد نوجوانوں کو نوکریاں دینا نہیں بلکہ انہیں اس قابل بنانا ہے کہ وہ خود روزگار کے مواقع پیدا کر سکیں۔عبدالرحمان کانجو نے کہا کہ ملتان اور جنوبی پنجاب نے ہمیشہ ملک کو قابل، باصلاحیت اور محنتی افراد فراہم کیے ہیں، جو مختلف شعبوں میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔انہوں نے وائس چانسلر ڈاکٹر زبیر اقبال اور بہاالدین زکریا یونیورسٹی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جامعہ میں سولر انرجی سمیت توانائی کے متبادل منصوبے قابلِ تعریف ہیں۔بہاالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زبیر اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ زکریا یونیورسٹی نے گزشتہ ایک سال کے مختصر عرصے میں نمایاں تعلیمی اورمالی ترقی حاصل کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بہاالدین زکریا یونیورسٹی عالمی رینکنگ میں 400 پوائنٹس کا اضافہ کرتے ہوئے ٹائمز ہائر ایجوکیشن رینکنگ کے مطابق پنجاب کی نمبر ون اوریونیورسٹی بن چکی ہے۔وائس چانسلر نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی کو درپیش 670 ملین روپے کے مالی خسارے کو مکمل طور پر ختم کر کے ادارے کو مالی طور پر مستحکم بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام تعلیمی نظام کو ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے ،جس سے طلبہ کو جدید لرننگ ایکسپیرینس میسر آ رہا ہے۔ڈاکٹر زبیر اقبال نے بتایا کہ توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لیے یونیورسٹی میں سولر پاور سسٹم نصب کیا جا رہا ہے جبکہ ویسٹ سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ جامعہ میں پانی کے مسائل کے حل کے لیے 14 کلومیٹر دور سے پانی کی فراہمی اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ کے منصوبے مکمل کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بی زیڈ یو کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 70 سے زائد کمپنیوں کی شرکت سے جاب فیئر کا انعقاد کیا گیا، جس میں 15 ہزار سے زائد طلبہ نے حصہ لیا،آئندہ ماہ یونیورسٹی میں نئے جاب فیئر کا انعقاد ہوگا۔وائس چانسلر نے کہا طلبہ کی فلاح و بہبود کے لیے اکیڈمک اور انتظامی اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں۔وائس چانسلر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بہاالدین زکریا یونیورسٹی کو پاکستان کی بہترین اور دنیا کی ٹاپ جامعات میں شامل کرنے کے لیے مزید اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
تقریب کے دوران وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کے چوتھے مرحلے کے تحت وزیر مملکت عبدالرحمن کانجو نے طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپس بھی تقسیم کیے،لیپ ٹاپ اسکیم کے چوتھے مرحلے کے تحت زکریا یونیورسٹی میں مجموعی طور پر ایک ہزار932 طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے۔








