اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی ،ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت 8 مسلمان ممالک کو موقع ملا ہے کہ وہ غزہ امن بورڈ کا حصہ بن کر فلسطین کے عوام کے حقوق اور امن کے لئے اپنا کردار ادا کریں ، پاکستان کا اسرائیل کے حوالے سے 1967 والا ہی موقف ہے کہ وہ سفاک اور ظالم ملک ہے، نتن یاہو کے …
پاکستان سمیت 8 مسلمان ممالک کو غزہ امن بورڈ کا حصہ بن کر فلسطینی عوام کے حقوق اور امن کے لئے کردار ادا کرنے کا موقع ملا ہے، وفاقی وزیر احسن اقبال

مزید خبریں
اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی ،ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت 8 مسلمان ممالک کو موقع ملا ہے کہ وہ غزہ امن بورڈ کا حصہ بن کر فلسطین کے عوام کے حقوق اور امن کے لئے اپنا کردار ادا کریں ، پاکستان کا اسرائیل کے حوالے سے 1967 والا ہی موقف ہے کہ وہ سفاک اور ظالم ملک ہے، نتن یاہو کے ہاتھ نہتے اور مظلوم فلسطینوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں ۔ شادی کے لئے 18 سال عمر تو ہمارے اور بھی اسلامی ممالک میں نافذ ہے کیا وہ ممالک بھی دائرہ اسلام سے خارج ہیں ؟وہ جمعہ کو ایوان میں مولانا فضل الرحمان کے نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کر رہے تھے ۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی ،ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے 28مئی 1998 میں امریکی صدر کے پاس ٹیلی فون اور پوری دنیا کے دبائو کے باوجود ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کی اآزادی اور خودمختاری کی مثال قائم کی ۔ پاکستان مسلم لیگ ن اس طرح پاکستان کی ماں ہے اور ملک کے دفاع سلامتی کے لیے ہم کسی کے درس کے محتاج نہیں ہیں کیونکہ ہم پاکستان کی آزادی اور خودمختاری کے محافظ ہیں ۔ پاکستان کی بھاگ ڈور پاکستان مسلم لیگ ن کے ہاتھ میں ہوتے ہوئے کسی قسم کا خطرہ نہیں ہے ، کوئی میلی آنکھ سے پاکستان کی طرف نہیں دیکھ سکتا ، معرکہ حق اسکا منہ بولتا ثبوت ہے ، میلی آنکھ ہی نکال لیتے ہیں ، اس لئے ہمیں کوئی بزدلی یا غفلت کا طعنہ نہیں دےسکتا ۔
انہوں نے کہاکہ آرام دہ اور ٹھنڈی جگہ بیٹھ کر تقاریر کرنے والوں کو فلسطینوں پر ڈھائے جانے والے مظالم ،قتل و غارت کا ادراک نہیں ہے ۔پاکستان سمیت عالم اسلام کے 8 ممالک نے اس قتل و غارت کو روکنے کے لئے ایک قدم اٹھایا ہے ۔اگر خدانخواستہ پاکستان غزہ امن بورڈ کا حصہ نہ بنتا تو یہی اپوزیشن ہمارے خلاف تقاریر کر رہی ہوتی کہ پاکستان تنہا رہ گیا ہے، سفارتکاری ناکام ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو غزہ امن بورڈ ایک سینٹرل سٹیج کے طور پر ملا یہ ہماری کامیاب سفارتکاری کی نتیجہ ہے اس پر خوشی منانی چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں ہمارے غزہ امن بورڈ میں شامل ہونے کو غلط کہنے والے بتائیں کہ کیا سعودی عرب ، ترکیہ ، یو اے ای ، بحرین ، جارڈرن ، کویت اور مراکش ہمارے دوست اور مسلمان ملک نہیں ہیں جو غزہ امن بورڈ کا حصہ ہیں ۔
پاکستان سمیت 8 مسلمان ممالک کو موقع ملا ہے کہ وہ غزہ امن بورڈ کا حصہ بن کر فلسطین کے عوام کے حقوق اور امن کے لئے اپنا کردار ادا کریں ۔ پاکستان کا اسرائیل اور نتن یاہو کے مظالم پر 1967 والا ہی موقف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نہتے اور مظلوم فلسطینوں کی تکلیف کا اندازہ کریں جہاں صبح و شام آسمان سے بارود برستا تھا اور آج پاکستان سمیت 8 اسلامی ممالک کی کوششوں سے سیز فائر ہوا اور فلسطینی کے عوام بھی اس اقدام کو سراہا رہے ہیں ۔ آج فلسطینی پرامن زندگی گزار رہے ہیں ۔
انہں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ ن کا ہر کارکن اسلام کا محافظ ہے کوئی ایسا کام یا قدم نہیں اٹھائیں گے جو اللہ تعالی اور رسولؐ کی ناراضگی کا باعث بنے ۔ احسن اقبال نے کہا کہ شادی کے لئے 18 سال عمر کا قانون تو ہمارے اور بھی اسلامی ممالک میں نافذ ہے کیا وہ ممالک بھی دائرہ اسلام سے خارج ہیں ؟








