لاہور۔23جنوری (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ میرٹ کا فروغ اولین ترجیح ہے،تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا،وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے تحت حکومت نوجوانوں کو تعلیم و ہنر میں جدید ٹیکنالوجی تک رسائی دینے کےلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کولاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے …
نوجوانوں کو تعلیم و ہنر میں جدید ٹیکنالوجی تک رسائی کےلئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں،چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام

مزید خبریں
لاہور۔23جنوری (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ میرٹ کا فروغ اولین ترجیح ہے،تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا،وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے تحت حکومت نوجوانوں کو تعلیم و ہنر میں جدید ٹیکنالوجی تک رسائی دینے کےلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کولاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر وائس چانسلر لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی ، پروفیسر ڈاکٹر عظمی قریشی،فیکلٹی ممبران،ڈین، ڈائریکٹرز،اساتذہ اور طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے کہا کہ نوجوان ملک کا روشن مستقبل ہیں اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی میں نوجوانوں کا اہم کردار ہے،حکومت نوجوانوں کو جدید تعلیم کی فراہمی اور برسر روزگار بنانے کے لئے ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے،وزیر اعظم یوتھ پروگرام اس سلسلے کی ایک کڑی ہے جس کا مقصد وزیر اعظم محمد شہبا زشریف کے ویژن کے تحت نوجوانوں کو اپنےپائوں پر کھڑا کرنے اور صلاحیتوں کے اظہار کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرٹ اور شفافیت ہمیشہ اولین ترجیح رہی، تعلیمی اداروں سے بوٹی مافیا کا خاتمہ کر کے میرٹ کو فروغ دیا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں تعلیمی بورڈز میں ٹاپ کرنے والے طلبہ ایلیٹ کلاس کے گھرانوں سے تعلق رکھتے تھےلیکن اس وقت کے وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے شفافیت اور میرٹ کو فروغ دیا،بوٹی مافیا پر زیرو ٹالرنس اپنائی اور اسی تسلسل کی بنا پر آج آپ نے دیکھا کہ مزدور کا بیٹا، تندور پر کام کرنے والا طالبعلم اور ایک رکشہ چلانے والا مزدور کا بیٹا بھی ٹاپ پوزیشن حاصل کر رہا ہے،حافظ آباد کا طالب علم جو تندور پر روٹیاں لگاتا ہے وہ پنجاب میں تعلیمی بورڈ میں اعلی نمبر حاصل کر کے125 سالہ ریکارڈ توڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے،ہمارے بچے بچیاں ہر میدان میں آگے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ تعلیم کے بغیر ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا ، معاشرے سے اگر میرٹ اور شفافیت کا خاتمہ کر دیا جائے تو وہ معاشرے پستی کا شکار ہو جاتے ہیں،ہم نے ہمیشہ کوشش کی کہ میرٹ کی بنیاد پر بچے اور بچیوں کو مواقع فراہم کیے جائیں۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل یونیورسٹیوں کے اندر ہے،ہمیں اپنے تعلیمی اداروں میں ریسرچ بیسڈ تعلیم کو فروغ دینے کی ضرورت ہے،دنیا میں اب تعلیم کا نظام اور تحقیق کا انداز تبدیل ہو رہاہے،ہمیں بھی جدت کی طرف آنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پرائم منسٹر لیپ ٹاپ سکیم2025/26 کے تحت ملک بھر میں مزید 100,000 لیپ ٹاپس طلبا میں تقسیم کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے،جس کا مقصد نوجوانوں کو تعلیمی و ڈیجیٹل صلاحیتوں کے لئے آلات فراہم کرنا ہے،اس سکیم کے تحت لاکھوں لیپ ٹاپ پہلے ہی طلبا کو فراہم کیے جا چکے ہیں اور یہ پروگرام میرٹ پر مبنی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج ملک کےلئے قربانیوں کی نئی نئی داستانیں رقم کر رہی ہے، پاکستان نے معرکہ حق میں جنگی برتری کے ساتھ ٹیکنالوجی کی برتری کو بھی ثابت کیا۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت میں سفارتی کامیابیوں کا سفر جاری ہے،ملکی معیشت بھی درست سمت میں گامزن ہے،دنیا میں پاکستان کو عزت و تکریم کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے،اندھیروں کا سفر اب ختم ہو چکا ہے،ملک روشنیوں اور ترقی کی جانب گامزن ہے۔








