آئی بی سی سی اور سٹرابیری سپورٹس مینجمنٹ کا قومی سپورٹس ٹیلنٹ پورٹل ’’بازی‘‘ کا اجراء

اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) اور سٹرابیری سپورٹس مینجمنٹ نے پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے لئے ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے قومی سپورٹس ٹیلنٹ شناختی پورٹل بازی (www.baazi.tv) کا افتتاح کر دیا۔یہ پاکستان کا پہلا مرکزی اور ٹیکنالوجی پر مبنی ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جس کا مقصد ملک بھر سے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی شناخت اور تربیت کو یقینی بنانا …

اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) اور سٹرابیری سپورٹس مینجمنٹ نے پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے لئے ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے قومی سپورٹس ٹیلنٹ شناختی پورٹل بازی (www.baazi.tv) کا افتتاح کر دیا۔یہ پاکستان کا پہلا مرکزی اور ٹیکنالوجی پر مبنی ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جس کا مقصد ملک بھر سے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی شناخت اور تربیت کو یقینی بنانا ہے۔ اس پورٹل کے ذریعے شہروں اور دور دراز علاقوں میں موجود ٹیلنٹ کو یکساں مواقع فراہم کئے جائیں گے۔

آئی بی سی سی سے منسلک تعلیمی بورڈز کے طلبہ اور بیرونِ ملک پاکستانی طلبہ’’بازی‘‘ پر رجسٹریشن کر کے اپنی کھیلوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کر سکتے ہیں۔ پورٹل شفافیت، میرٹ اور مساوی مواقع کی بنیاد پر گراس روٹس سے قومی سطح تک ترقی کا راستہ فراہم کرتا ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی سی سی ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کہا یہ اقدام پاکستانی کھیلوں میں ایک نئے دور کا آغاز ہے جہاں کامیابی کا معیار سفارش یا وسائل نہیں بلکہ صرف ٹیلنٹ ہوگا، بازی جدت، شفافیت اور اشتراک کے لئے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے، ہم سٹرابیری سپورٹس مینجمنٹ کے ساتھ شراکت داری پر فخر محسوس کرتے ہیں جن کی پیشہ وارانہ صلاحیت اور وژن نے اس خواب کو حقیقت بنایا۔

بانی سٹرابیری سپورٹس مینجمنٹ حیدر علی داؤد نے کہا کہ ’’بازی ‘‘ صرف ایک پورٹل نہیں بلکہ پاکستان کے ہر نوجوان کھلاڑی سے کیا گیا ایک وعدہ ہے کہ اس کی صلاحیت قیمتی ہے، یہ عالمی معیار کا پلیٹ فارم ٹیلنٹ کو پہچان، تربیت اور قومی سطح پر نمایاں کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔’’بازی ‘‘ کا باضابطہ افتتاح آئی بی سی سی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں کیا گیا جو پاکستان میں سپورٹس ٹیلنٹ ڈویلپمنٹ کے ایک نئے اور انقلابی دور کا آغاز ثابت ہوگا۔