اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):قومی اسمبلی پاکستان اور یونیورسٹی آف لندن کے ٹیچنگ سینٹر لارڈز کالج انٹر نیشنل کے مابین تعلیمی تعاون، پارلیمانی تحقیق اور قانون کے طلبہ کے لیے انٹرن شپ کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔ ترجمان قومی اسمبلی کے مطابقاس مفاہمتی یادداشت کا مقصد ایک منظم فریم ورک کے تحت باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے جس …
قومی اسمبلی اور یونیورسٹی آف لندن کے ٹیچنگ سینٹر لارڈز کالج انٹر نیشنل کے مابین تعلیمی تعاون، پارلیمانی تحقیق اور قانون کے طلبہ کیلئے انٹرن شپ کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

مزید خبریں
اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):قومی اسمبلی پاکستان اور یونیورسٹی آف لندن کے ٹیچنگ سینٹر لارڈز کالج انٹر نیشنل کے مابین تعلیمی تعاون، پارلیمانی تحقیق اور قانون کے طلبہ کے لیے انٹرن شپ کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔ ترجمان قومی اسمبلی کے مطابقاس مفاہمتی یادداشت کا مقصد ایک منظم فریم ورک کے تحت باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے جس کے ذریعے لارڈز کالج انٹرنیشنل کے ایل ایل بی (بیچلر آف لاء) پروگرام میں زیر تعلیم طلبہ کو قومی اسمبلی پاکستان میں انٹرن شپ، پارلیمانی تحقیقی منصوبوں اور مقالہ جاتی مطالعات میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
معاہدے کے تحت قومی اسمبلی سیکرٹریٹ چھ ہفتوں پر مشتمل رضاکارانہ انٹرن شپ فراہم کرے گا، انٹرنز کو ضروری آگاہی اور عملی نگرانی مہیا کی جائے گی، انہیں قانون سازی اور طرز حکمرانی کے عملی پہلوئوں سے روشناس کرایا جائے گا جبکہ تحقیقی سرگرمیوں میں بھی معاونت فراہم کی جائے گی۔ انٹرن شپ کی کامیاب تکمیل پر انٹرنز کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے اسناد جاری کی جائیں گی۔
مفاہمتی یادداشت پر قائم مقام سیکرٹری قومی اسمبلی پاکستان، سعید احمد میتلا اور ڈین، لارڈز کالج انٹرنیشنل، راجہ بلال ارشد نے دستخط کیے۔دستخط کی تقریب میں سپیشل سیکرٹری (سپیشل انیشی ایٹوز)، قومی اسمبلی سید شمون ہاشمی سمیت قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔یہ تعاون قومی اسمبلی کے اس عزم کا مظہر ہے کہ پارلیمانی اداروں اور تعلیمی اداروں کے مابین روابط کو مضبوط بنایا جائے، قانونی تحقیق کو فروغ دیا جائے اور طلبہ کو آئینی اور جمہوری اصولوں کے مطابق قانون سازی، پالیسی سازی اور طرز حکمرانی کے عملی پہلوئوں سے روشناس کرایا جائے۔








