فارورڈ سسٹم آف ایجوکیشن کی 75 سالہ تعلیمی خدمات کی تکمیل کے موقع پرنشتر ہال پشاور میں پلاٹینم جوبلی کی تقریب،سینیٹرروبینہ خالد کی بطور مہمان خصوصی شرکت

پشاور۔24جنوری (اے پی پی):فارورڈ سسٹم آف ایجوکیشن کی 75 سالہ تعلیمی خدمات کی تکمیل کے موقع پرنشتر ہال پشاور میں پلاٹینم جوبلی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی مہمانِ خصوصی چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد تھیں۔ سینیٹر روبینہ خالد کی آمد پر چھوٹے بچوں نے انکا پُرجوش استقبال کیا، پھول پیش کیے اور والہانہ خیرمقدم کیا۔اس موقع پر فاروڈ سسٹم آف ایجوکیشن کے چیئرمین محمد …

پشاور۔24جنوری (اے پی پی):فارورڈ سسٹم آف ایجوکیشن کی 75 سالہ تعلیمی خدمات کی تکمیل کے موقع پرنشتر ہال پشاور میں پلاٹینم جوبلی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی مہمانِ خصوصی چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد تھیں۔ سینیٹر روبینہ خالد کی آمد پر چھوٹے بچوں نے انکا پُرجوش استقبال کیا، پھول پیش کیے اور والہانہ خیرمقدم کیا۔اس موقع پر فاروڈ سسٹم آف ایجوکیشن کے چیئرمین محمد ممتاز خان، چیف ایگزیکٹو ظفرالسلام، چیف پیٹرن حمیدہ ظفر، ایم ڈی سرفراز خان اور پرنسپل فاروڈ ہائی سکول ڈاکٹر ثوبیہ ثاقب موجود تھیں۔

ہفتہ کوبینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تقریب میں ادارے کے بانی کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔فارورڈ سسٹم آف ایجوکیشن کی بنیاد 1950 میں رکھی گئی جس کے بعد گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے میں ادارہ ہزاروں طلبہ کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے اور معاشرے کو باصلاحیت افراد فراہم کرنے میں نمایاں کردار ادا کرتا رہا ہے۔ تقریب میں ادارے کے پرانے طلبہ، اساتذہ، تعلیمی ماہرین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معزز مہمانوں نے بھی شرکت کی، جبکہ بڑی تعداد میں سابق طلبہ (Alumni) بھی اس موقع پر موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے فارورڈ سسٹم آف ایجوکیشن کی تعلیمی خدمات اور طویل جدوجہد کو سراہا۔ سینیٹر روبینہ خالد نے معروف ماہرِ تعلیم پروفیسر محمد شفیع صابر کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا اور فروغِ تعلیم کے لیے ان کی تاحیات خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں قوم کا قیمتی اثاثہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے تعلیمی ادارے قوم کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں جو نسلوں کی فکری و اخلاقی تربیت میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم صرف ڈگری حاصل کرنے کا نام نہیں بلکہ یہ شعور، کردار سازی اور معاشرتی ذمہ داریوں کا احساس پیدا کرنے کا ذریعہ ہے۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے اپنے خطاب میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اغراض و مقاصد سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ یہ پروگرام ملک بھر میں ایک کروڑ سے زائد خواتین کی معاشی خودمختاری، مالی شمولیت اور سماجی تحفظ کے فروغ کے لیے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جدوجہد خواتین کے لیے حوصلے، جرات اور خود اعتمادی کی علامت ہے ، نوجوانوں بالخصوص طالبات کو چاہیے کہ وہ ان کی سوچ اور وژن سے رہنمائی حاصل کریں، اپنے حقوق کے لیے باوقار اور پرامن جدوجہد کریں اور معاشرے میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنیں۔

سینیٹر روبینہ خالد نے طلبہ و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے محنت، دیانت داری اور لگن سے تعلیم حاصل کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور قوم کی ترقی کا انحصار ان کی صلاحیتوں، کردار اور علمی استعداد پر ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے ذریعے نہ صرف اپنے لیے بہتر مستقبل تعمیر کریں بلکہ ملک و قوم کا نام بھی روشن کریں۔

تقریب کے اختتام پرسکول انتظامیہ کی جانب سے سینیٹر روبینہ خالد کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ سینیٹر روبینہ خالد نے بھی ادارے کی انتظامیہ، بورڈ آف ڈائریکٹرز اور پرنسپل کو اعزازی شیلڈز پیش کیں۔ اس موقع پر طلبہ نے مختلف ٹیبلوز پیش کئے۔ ثقافتی و تعلیمی پرفارمنسز کا مظاہرہ کیا اور ادارے کی 75ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔پلاٹینم جوبلی کی یہ تقریب تعلیمی خدمات کے اعتراف، قومی تعلیمی ورثے کی تجدید اور آئندہ نسلوں کے لیے علم و آگہی کے سفر کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

 

مزید خبریں