واشنگٹن ۔27جنوری (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےاعلان کیا ہے کہ جنوبی کوریا کی جانب سے دوطرفہ تجارتی معاہدے کو قانون سازی کے ذریعے نافذ نہ کیے جانے پر بعض درآمدات پر محصولات (ٹیرف) میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ تاس کے مطابق امریکی صدرنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ چونکہ جنوبی کوریا کی قومی اسمبلی نے امریکا کے ساتھ طے پانے …
امریکا کا جنوبی کوریا پر محصولات 25 فیصد تک بڑھانے کا اعلان

مزید خبریں
واشنگٹن ۔27جنوری (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےاعلان کیا ہے کہ جنوبی کوریا کی جانب سے دوطرفہ تجارتی معاہدے کو قانون سازی کے ذریعے نافذ نہ کیے جانے پر بعض درآمدات پر محصولات (ٹیرف) میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ تاس کے مطابق امریکی صدرنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ چونکہ جنوبی کوریا کی قومی اسمبلی نے امریکا کے ساتھ طے پانے والے ’’تاریخی تجارتی معاہدے‘‘ کو منظور نہیں کیا، اس لیے جنوبی کوریا سے درآمد ہونے والی گاڑیوں، لکڑی، ادویہ سازی کی مصنوعات اور دیگر باہمی محصولات پر ٹیرف 15 فیصد سے بڑھا کر 25 فیصد کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے جنوبی کوریا کی قومی اسمبلی پر الزام عائد کیا کہ وہ امریکا کے ساتھ کیے گئے معاہدے پر عمل درآمد میں ناکام رہی ہے۔امریکی صدر نے کہا کہ تجارتی معاہدے امریکا کے لیے انتہائی اہم ہیں اور امریکا نے ہر معاہدے میں طے شدہ شرائط کے مطابق اپنے محصولات میں تیزی سے کمی کی ہے، جبکہ وہ اپنے تجارتی شراکت داروں سے بھی اسی طرزِ عمل کی توقع رکھتا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے یاد دلایا کہ گزشتہ سال ان کی حکومت نے جنوبی کوریا سے 350 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ حاصل کیا تھا، جس کے تحت جنوبی کوریا مرحلہ وار انداز میں امریکا میں 200 ارب ڈالر کی نقد سرمایہ کاری کرے گا، جس کی سالانہ حد 20 ارب ڈالر ہوگی، جبکہ باقی 150 ارب ڈالر جہاز سازی کے شعبے میں خرچ کیے جائیں گے۔
اس معاہدے کے تحت امریکا نے جنوبی کوریا کی گاڑیوں پر عائد محصولات 25 فیصد سے کم کر کے 15 فیصد کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ امریکی صدرکے مطابق انہوں نے جنوبی کوریا کو جوہری آبدوز کی صلاحیت حاصل کرنے کی اجازت دینے کا بھی اعلان کیا تھا، جبکہ ان آبدوزوں کی تعمیر فلاڈیلفیا میں کی جائے گی۔


