بنگلہ دیش اور نیدرلینڈ نے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کیلئے کوالیفائی کر لیا، کوالیفائر ٹورنامنٹ سپر سکس مرحلے کا بھی آغاز

لاہور۔28جنوری (اے پی پی):بنگلہ دیش اور نیدرلینڈ نے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر لیا جبکہ کوالیفائر ٹورنامنٹ کے سپر سکس مرحلے کا آغاز بھی ہو گیا ہے۔ دونوں ٹیموں نے چار دستیاب نشستوں میں سے دو نشستیں اپنے نام کر لیں۔نیدرلینڈ نے تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی بار ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں رسائی حاصل کی۔ نیدرلینڈ نے ڈی ایل ایس …

لاہور۔28جنوری (اے پی پی):بنگلہ دیش اور نیدرلینڈ نے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر لیا جبکہ کوالیفائر ٹورنامنٹ کے سپر سکس مرحلے کا آغاز بھی ہو گیا ہے۔

دونوں ٹیموں نے چار دستیاب نشستوں میں سے دو نشستیں اپنے نام کر لیں۔نیدرلینڈ نے تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی بار ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں رسائی حاصل کی۔ نیدرلینڈ نے ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت امریکا کو 21 رنز سے شکست دے کر ورلڈ کپ میں جگہ بنائی۔ امریکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے۔ گارگی بھوگلے نے 36 اور اسانی واگھیلا نے 32 رنز اسکور کیے۔

نیدرلینڈ کی جانب سے ہنا لینڈہیر نے 30 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز نے جارحانہ آغاز کیا، ہیڈر سیگرز نے صرف 12 گیندوں پر 28 رنز بنائے جن میں تین چھکے شامل تھے۔ اوپنر فیبی مولکنبوئر نے 43 گیندوں پر ناقابلِ شکست 46 رنز اسکور کیے۔ بارش کے باعث میچ قبل از وقت ختم ہوا اور نیدرلینڈ نے 12 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 90 رنز بنا کر ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت کامیابی حاصل کی۔بنگلہ دیش نے تھائی لینڈ کو 39 رنز سے شکست دے کر مسلسل ساتویں بار ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا۔ بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 165 رنز بنائے۔

جوائریہ فردوس اور صبھنہ مستری کے درمیان سنچری شراکت قائم ہوئی، جوائریہ نے 45 گیندوں پر 56 جبکہ صبھنہ نے 42 گیندوں پر 59 رنز اسکور کیے۔ جواب میں تھائی لینڈ کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز ہی بنا سکی۔ نتھاکن چنتھم نے 46 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ مرو فہ اختر نے 25 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ایک اور میچ میں اسکاٹ لینڈ نے آئرلینڈ کو 39 رنز سے شکست دے دی۔ اسکاٹ لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 5 وکٹوں پر 160 رنز بنائے۔

سارہ برائس نے 47 اور کیتھرین برائس نے 30 رنز اسکور کیے، جبکہ میگن مک کول نے ناقابلِ شکست 27 رنز بنائے۔ آئرلینڈ کی جانب سے جین میگوائر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کی ٹیم 121 رنز پر آل آئوٹ ہو گئی۔ کیتھرین برائس نے شاندار بائولنگ کرتے ہوئے 21 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ گیبی لیوس نے 41 رنز بنائے تاہم آئرلینڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔واضح رہے کہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 انگلینڈ اور ویلز میں 12 جون سے 5 جولائی تک کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں