لاہور۔28جنوری (اے پی پی):پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے آسٹریلیا کے خلاف قذافی سٹیڈیم لاہور میں شروع ہونے والی تین میچوں کی سیریز سے قبل اجتماعی کارکردگی، حالات کے مطابق ڈھلنے کی صلاحیت اور کھلاڑیوں کے واضح کرداروں پر زور دیا ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ29 جنوری سے شروع ہونے والی یہ سیریز بھارت اور سری لنکا میں ہونے …
آسٹریلیا کیخلاف سیریز ورلڈ کپ کی تیاری ہے، سلمان علی آغا

مزید خبریں
لاہور۔28جنوری (اے پی پی):پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے آسٹریلیا کے خلاف قذافی سٹیڈیم لاہور میں شروع ہونے والی تین میچوں کی سیریز سے قبل اجتماعی کارکردگی، حالات کے مطابق ڈھلنے کی صلاحیت اور کھلاڑیوں کے واضح کرداروں پر زور دیا ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ29 جنوری سے شروع ہونے والی یہ سیریز بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کی تیاریوں کا اہم حصہ ہے۔
سلمان علی آغا نے پی سی بی کی جانب سے گزشتہ سال متعارف کرائی گئی جارحانہ حکمت عملی کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے لاہور میں بنگلہ دیش کے خلاف 200 سے زائد رنز بنانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم کا مائنڈ سیٹ جارحانہ ہے، تاہم انہوں نے میچ کی صورتحال کے مطابق کھیلنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ٹیم کی ضرورت کے مطابق کھیلنا چاہیے۔ اگر 6 کے رن ریٹ کی ضرورت ہے تو میں ویسے کھیلوں گا اور اگر 10 کی ضرورت ہوئی تو خود کو اس حساب سے ڈھال لوں گا۔بابر اعظم کی بگ بیش لیگ میں فارم سے متعلق سوال پر سلمان علی آغا نے سٹار بیٹر کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنا کردار بخوبی نبھا رہے ہیں۔
سلمان علی آغا نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کو ورلڈ کپ سے قبل بہترین پلینگ الیون اور کامبینیشن کو حتمی شکل دینے کا موقع قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہر کھلاڑی کا کردار متعین اور یہ میچز ٹیم کے توازن کو سمجھنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔بڑی ٹیموں کے خلاف مشکلات کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میں کوئی ٹیم "چھوٹی” نہیں ہوتی۔ انہوں نے افغانستان کے خلاف میچوں کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ نتائج کی بنیاد پر بیانیہ بدل جاتا ہے۔ آسٹریلیا کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کا مائنڈ سیٹ مستقل مزاج ہے، اگر ان کے اہم کھلاڑی نہ بھی ہوں تو فرق نہیں پڑتا، ہمارے لیے یہ سیریز جیتنے کا ایک بہترین موقع ہے۔
قومی سکواڈ نے حال ہی میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی (NCA) میں 10 روزہ کیمپ مکمل کیا ہے، جس میں میچ کی مختلف صورتحال اور "سپر اوور” کی مشقیں شامل تھیں۔سلمان علی آغا نے تصدیق کی کہ فہیم اشرف پریکٹس کے دوران معمولی انجری کے بعد اب مکمل فٹ ہیں۔سری لنکا کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے سپن اٹیک کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور عثمان طارق کو ٹیم کے لیے "ٹرمپ کارڈ” قرار دیا۔ اپنی بیٹنگ پوزیشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اگرچہ نمبر 3 پر ان کے اعداد و شمار اچھے ہیں،
لیکن وہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق کسی بھی پوزیشن پر بیٹنگ کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے ورلڈ کپ جیسے بڑے مقابلوں میں بابر اعظم اور شاداب خان جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کی موجودگی کو بھی اہم قرار دیا۔








