سڈنی۔29جنوری (اے پی پی):کرکٹ آسٹریلیا(سی اے)نے سوفی مولینوکس کو قومی ویمنز ٹیم کی نئی آل فارمیٹ کپتان مقرر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق سوفی مولینوکس تجربہ کار وکٹ کیپر بلے باز الیسا ہیلی کی مکمل جانشین ہوں گی اور پہلی مرتبہ بھارت کے خلاف آئندہ ہوم ملٹی فارمیٹ سیریز کے ٹی ٹونٹی میچز میں ٹیم کی قیادت کریں گی۔28 سالہ وکٹورین سپنر سوفی مولینوکس …
سوفی مولینوکس آسٹریلیا ویمنز ٹیم کی نئی آل فارمیٹ کپتان مقرر

مزید خبریں
سڈنی۔29جنوری (اے پی پی):کرکٹ آسٹریلیا(سی اے)نے سوفی مولینوکس کو قومی ویمنز ٹیم کی نئی آل فارمیٹ کپتان مقرر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق سوفی مولینوکس تجربہ کار وکٹ کیپر بلے باز الیسا ہیلی کی مکمل جانشین ہوں گی اور پہلی مرتبہ بھارت کے خلاف آئندہ ہوم ملٹی فارمیٹ سیریز کے ٹی ٹونٹی میچز میں ٹیم کی قیادت کریں گی۔28 سالہ وکٹورین سپنر سوفی مولینوکس کو یہ ذمہ داری نائب کپتان تاہلیا میک گرا اور دوسری نائب کپتان ایشلی گارڈنر پر فوقیت دیتے ہوئے سونپی گئی ہے، تاہم دونوں کھلاڑی قیادت کے گروپ میں اپنی ذمہ داریاں برقرار رکھیں گی۔
کپتانی کے اعلان پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے سوفی مولینوکس نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم کی قیادت ان کے لیے اعزاز کی بات ہے، خاص طور پر الیسا ہیلی کے بعد جنہوں نے ٹیم اور خواتین کرکٹ پر گہرے اثرات مرتب کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں قدرتی قائدانہ صلاحیتوں سے بھرپور کھلاڑی موجود ہیں اور وہ سب مل کر ٹیم کو اگلے درجے تک لے جانے کے لیے پُرعزم ہیں۔اگرچہ حالیہ برسوں میں گھٹنے کی انجری کے باعث مولینوکس کا بین الاقوامی کرکٹ میں تسلسل متاثر رہا، تاہم میلبورن رینیگیڈز کی قیادت کرتے ہوئے 2024-25 میں ڈبلیو بی بی ایل ٹائٹل جتوانا ان کی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے، جس نے انہیں قومی کپتانی تک پہنچایا۔مولینوکس بھارت کے خلاف تین ٹی ٹونٹی میچز میں ٹیم کی قیادت کریں گی،
اس کے بعد ریٹائر ہونے والی الیسا ہیلی اپنی الوداعی ون ڈے سیریز اور آخری ٹیسٹ میں کپتان کے طور پر واپس آئیں گی۔ بعد ازاں کیریبین کے دورے اور جون میں انگلینڈ میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بھی مولینوکس ٹیم کی قیادت کریں گی۔دوسری جانب قومی سلیکٹر شان فلیگلر نے بتایا کہ مولینوکس کے انجری مسائل کے پیش نظر ان کے ورک لوڈ کا محتاط انداز میں انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نے تاہلیا میک گرا اور ایشلی گارڈنر کی قیادت کی صلاحیتوں کو ٹیم کے لیے مضبوط سہارا قرار دیا ہے۔








