پیرس۔29جنوری (اے پی پی):فرانس، کینیڈا اور برطانیہ سمیت11ممالک نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ محصور غزہ میں انسانی امداد کو بلا رکاوٹ پہنچانے کی اجازت دے۔ العربیہ اردو کے مطابق بیلجیم، کینیڈا، ڈنمارک، فرانس، آئرلینڈ، آئس لینڈ، جاپان، ناروے، پرتگال، سپین اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ نے ایک مشترکہ بیان میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اگرچہ غزہ میں امداد کی مقدار میں اضافہ ہوا ہے لیکن انسانی …
فرانس، کینیڈا اور برطانیہ سمیت 11ممالک کا اسرائیل سے غزہ میں امداد کی بلا رکاوٹ رسائی کا مطالبہ
پیرس۔29جنوری (اے پی پی):فرانس، کینیڈا اور برطانیہ سمیت11ممالک نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ محصور غزہ میں انسانی امداد کو بلا رکاوٹ پہنچانے کی اجازت دے۔ العربیہ اردو کے مطابق بیلجیم، کینیڈا، ڈنمارک، فرانس، آئرلینڈ، آئس لینڈ، جاپان، ناروے، پرتگال، سپین اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ نے ایک مشترکہ بیان میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اگرچہ غزہ میں امداد کی مقدار میں اضافہ ہوا ہے لیکن انسانی صورتحال اب بھی تباہ کن ہے اور موجودہ امدادی سامان عوام کی ضروریات پوری کرنے کے لئے ناکافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے صدر ٹرمپ کے پیش کردہ 20 نکاتی امن منصوبے پر رضامندی ظاہر کی ہے، جس میں اقوام متحدہ اور ریڈ کراس کے زیر اہتمام امداد کی بلا رکاوٹ رسائی اور غزہ میں تقسیم یقینی بنانے کا عزم شامل ہے۔ بیان میں اسرائیلی حکومت سے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے زور دیا گیا کہ اسرائیل غیر ملکی غیر سرکاری تنظیموں کو غزہ میں کام کرنے کی مکمل صلاحیت دے، خاص طور پر ان کے سخت رجسٹریشن ضوابط کو نرم کرے ، تمام سرحدی راستے دوبارہ کھولے اور رفح گذرگاہ کو دو طرفہ کھولنے کے منصوبے پر عمل درآمد یقینی بنائے۔
ان ممالک نے اسرائیلی حکام کی جانب سے20 جنوری کو مقبوضہ بیت المقدس کےمشرقی حصے میں اقوام متحدہ کی پناہ گزین فلسطینی ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے)کے دفتر کو مسمار کرنے کی بھی مذمت کی۔ انہوں نے زور دیا کہ اقوام متحدہ کے رکن ملک کی جانب سے کسی ذیلی ایجنسی کے خلاف یہ غیر معمولی اقدام، ایجنسی کی کام کرنے کی صلاحیت کو نقصان پہنچانے کی ناقابل قبول کوشش ہے۔ اقوام متحدہ اور انسانی تنظیموں نے طویل عرصے سے اس گذرگاہ کو دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کیا، لیکن اسرائیل نے اعلان کیا کہ یہ صرف پیدل چلنے والوں کے لیے کھولی جائے گی اور جامع اسرائیلی تلاشی کا نظام نافذ کیا جائے گا۔









