اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کے زیر اہتمام پاکستان ٹورازم سپورٹس اینڈ فیملی فیسٹیول 31 جنوری سے یکم فروری تک اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ دو روزہ فیسٹیول کے مقابلے ایف نائن پارک اور اسلام آباد سپورٹس کمپلیکس میں ہوں گے۔پی ٹی ڈی سی کے مطابق فیسٹیول کا مقصد پاکستان کے مثبت تشخص، سیاحت کے فروغ اور خاندانی تفریح کو یکجا کرنا ہے۔ …
پاکستان ٹورازم سپورٹس اینڈ فیملی فیسٹیول 31جنوری سے اسلام آباد میں شروع ہوگا

مزید خبریں
اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کے زیر اہتمام پاکستان ٹورازم سپورٹس اینڈ فیملی فیسٹیول 31 جنوری سے یکم فروری تک اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ دو روزہ فیسٹیول کے مقابلے ایف نائن پارک اور اسلام آباد سپورٹس کمپلیکس میں ہوں گے۔پی ٹی ڈی سی کے مطابق فیسٹیول کا مقصد پاکستان کے مثبت تشخص، سیاحت کے فروغ اور خاندانی تفریح کو یکجا کرنا ہے۔ ایونٹ میں روایتی و ثقافتی کھیلوں خصوصاً ٹینٹ پیگنگ، مختلف سپورٹس سرگرمیوں، کار اور بائیک شو، ثقافتی مظاہروں، علاقائی کھانوں کے سٹالز، موسیقی اور دیگر تفریحی پروگرامز کا اہتمام کیا گیا ہے۔

فیسٹیول کے دوران کار شو، موٹر بائیک شو، پیرا گلائیڈنگ، نیزہ بازی اور فیملیز کے لیے متعدد دیگر ایونٹس منعقد کیے جائیں گے۔ پاکستان کے مشہور روایتی کھیل نیزہ بازی کے مقابلے 31 جنوری بروز ہفتہ کو اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں ہوں گے، جن میں ملک بھر سے پچاس سے زائد ٹیمیں شرکت کریں گی۔نیزہ بازی کے مقابلوں میں پہلی مرتبہ البراق ٹینٹ پیگنگ کلب کی ٹیم بھی حصہ لے رہی ہے۔ البراق کلب کی نمائندگی لیڈی رائڈرز زمل قیصرانی اور مناہل قیصرانی کے علاوہ نعمان خالد، چوہدری آفتاب پلاک، رانا احمد نواز کلو، ابراہیم اور دیگر کریں گے جبکہ الخیام کلب کی جانب سے ملک ابتسام، حسن رضا چیمہ، ہمایوں گوندل اور نعمان علی مقابلوں میں شریک ہوں گے۔
نیزہ بازی کے ان مقابلوں کا انعقاد سابق ڈپٹی میئر اسلام آباد سید ذیشان نقوی کی سرپرستی میں کیا جا رہا ہے۔ منتظمین کے مطابق یہ مقابلے شائقین کے لیے خصوصی کشش کا باعث ہوں گے اور پاکستان کے روایتی کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔منتظمین نے شہریوں اور سیاحوں کو بڑی تعداد میں شرکت کی دعوت دی ہے تاکہ وہ کھیل، ثقافت اور تفریح سے بھرپور اس قومی فیسٹیول کا حصہ بن سکیں۔








