چین کبھی دوسرے ممالک کے لئے خطرہ نہیں بنے گا،بین الاقوامی قانون اسی وقت مؤثر ہو سکتا ہے جب تمام ممالک اس کی پابندی کریں ،صدر شی جن پنگ

بیجنگ۔29جنوری (اے پی پی):چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین جتنا بھی ترقی کر لے وہ کسی بھی مرحلے پر دوسرے ممالک کے لئے کبھی خطرہ نہیں بنے گا۔ شنہوا کے مطابق یہ بات انہوں نے جمعرات کو بیجنگ میں برطانوی وزیرِاعظم کیئر سٹارمر سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے چین کی پُرامن ترقی سے وابستگی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چین نے نہ کبھی …

بیجنگ۔29جنوری (اے پی پی):چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین جتنا بھی ترقی کر لے وہ کسی بھی مرحلے پر دوسرے ممالک کے لئے کبھی خطرہ نہیں بنے گا۔ شنہوا کے مطابق یہ بات انہوں نے جمعرات کو بیجنگ میں برطانوی وزیرِاعظم کیئر سٹارمر سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے چین کی پُرامن ترقی سے وابستگی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چین نے نہ کبھی کسی جنگ کا آغاز کیا ہے اور نہ ہی کسی غیر ملکی سرزمین کے ایک انچ پر قبضہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین برطانوی شہریوں کو یکطرفہ طور پر ویزا فری سہولت فراہم کرنے پر فعال طور پر غور کرنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو عوامی روابط اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینا چاہیے اور سفر کو مزید آسان بنانے کے لئے اقدامات کرنے چاہییں۔ چینی صدر نے تعلیم، صحت، فنانس اور سروس انڈسٹری کے شعبوں میں برطانیہ کے ساتھ باہمی مفاد پر مبنی تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے چین اور برطانیہ کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کی بنیاد کو دونوں کے لئے مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو مصنوعی ذہانت، حیاتیاتی سائنس، نئی توانائی اور کم کاربن ٹیکنالوجیز سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ تحقیق اور صنعتی تبدیلی کے منصوبوں پر کام کرنا چاہیے تاکہ مشترکہ ترقی اور خوشحالی حاصل کی جا سکے۔

چینی صدر نے کہا کہ چین اور برطانیہ، جو کثیرالجہتی نظام اور آزاد تجارت کے حامی ہیں، کو مل کر حقیقی کثیرالجہتی نظام کی وکالت اور اس پر عمل درآمد کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قانون اسی وقت مؤثر ہو سکتا ہے جب تمام ممالک اس کی پابندی کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ بڑے ممالک کو خاص طور پر اس سلسلے میں قیادت کرنی چاہیے، بصورتِ دیگر دنیا ایک بار پھر جنگل کے قانون کی طرف لوٹنے کا خطرہ مول لے سکتی ہے۔

اے ایف پی کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ اور برطانوی وزیرِاعظم کیئر سٹارمر نے عالمی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کی ضرورت پر زور دیا۔ برطانوی وزیرِاعظم کیئر سٹارمر نے چینی صدر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین عالمی منظرنامے پر ایک اہم اور کلیدی کردار ادا کرنے والا ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک زیادہ پختہ اور ہمہ جہت تعلق قائم کرنا نہایت ضروری ہے، جس میں ہم تعاون کے مواقع تلاش کریں، ساتھ ہی اختلافی معاملات پر بامعنی مذکرات کی گنجائش بھی موجود ہو۔