نسٹ کے محقق ڈاکٹر حسن عبداللہ خالد کا برقی گاڑیوں کے توانائی نظام کو مزید مؤثر اور مستحکم بنانے کیلئے جدید تحقیقی مطالعہ مکمل

اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے محقق ڈاکٹر حسن عبداللہ خالد نے برقی گاڑیوں کے توانائی نظام کو مزید مؤثر اور مستحکم بنانے کے لئے ایک جدید تحقیقی مطالعہ مکمل کیا ہے جس میں سمارٹ کنٹرول ٹیکنالوجی ماڈل پریڈکٹیو کنٹرول کے استعمال کو نمایاں کیا گیا ہے۔ تحقیق کے مطابق ماڈل پریڈکٹیو کنٹرول طریقہ کار برقی گاڑیوں میں استعمال ہونے والے فیول سیلز، بیٹریوں …

اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے محقق ڈاکٹر حسن عبداللہ خالد نے برقی گاڑیوں کے توانائی نظام کو مزید مؤثر اور مستحکم بنانے کے لئے ایک جدید تحقیقی مطالعہ مکمل کیا ہے جس میں سمارٹ کنٹرول ٹیکنالوجی ماڈل پریڈکٹیو کنٹرول کے استعمال کو نمایاں کیا گیا ہے۔ تحقیق کے مطابق ماڈل پریڈکٹیو کنٹرول طریقہ کار برقی گاڑیوں میں استعمال ہونے والے فیول سیلز، بیٹریوں اور الٹرا کیپیسٹرز کے درمیان توانائی کے بہاؤ کو بہتر انداز میں منظم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جس کے نتیجے میں وولٹیج کا استحکام برقرار رہتا ہے اور مجموعی توانائی کارکردگی میں نمایاں بہتری آتی ہے۔

ڈاکٹر حسن عبداللہ خالد کی اس تحقیق میں واضح کیا گیا ہے کہ روایتی کنٹرول طریقوں کے مقابلے میں ایم پی سی نہ صرف مختلف توانائی ذرائع کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرتا ہے بلکہ لوڈ میں اچانک تبدیلی کی صورت میں بھی نظام کو مستحکم رکھتا ہے جو برقی گاڑیوں کی کارکردگی اور عمر میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔ یہ تحقیق عالمی سائنسی جریدے IEEE Access میں شائع ہوئی ہے جو توانائی، الیکٹرک وہیکلز اور جدید کنٹرول سسٹمز کے میدان میں ایک معتبر پلیٹ فارم سمجھا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ تحقیق مستقبل میں توانائی مؤثر، قابلِ اعتماد اور پائیدار برقی گاڑیوں کی تیاری میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔