انصاف تک عام شہری کی رسائی آسان بنانا عدلیہ کی اولین ترجیح ہے، چیف جسٹس سپریم کورٹ

اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):چیف جسٹس سپریم کورٹ آ ف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ انصاف تک عام شہری کی رسائی کو آسان بنانا عدلیہ کی اولین ترجیح ہے، اسی مقصد کے تحت بار ایسوسی ایشنز اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مسلسل مشاورت کی جا رہی ہے تاکہ نظامِ انصاف کو مؤثر، شفاف اور پائیدار بنایا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دور دراز علاقوں …

اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):چیف جسٹس سپریم کورٹ آ ف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ انصاف تک عام شہری کی رسائی کو آسان بنانا عدلیہ کی اولین ترجیح ہے، اسی مقصد کے تحت بار ایسوسی ایشنز اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مسلسل مشاورت کی جا رہی ہے تاکہ نظامِ انصاف کو مؤثر، شفاف اور پائیدار بنایا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دور دراز علاقوں میں عدالتی سہولیات کی بہتری، فنڈز کی بروقت فراہمی اور بنیادی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن مانسہرہ اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کوہاٹ کے وفود سے ملاقات کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ انہوں نے خود ملک کے مختلف دور افتادہ علاقوں کا دورہ کیا ہے تاکہ ایکسس ٹو جسٹس فنڈ پروگرام کے تحت فنڈز کی تقسیم میں موجود انتظامی اور رابطہ جاتی خلا کی نشاندہی کی جا سکے،ان خامیوں کو دور کرنے اور سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کے لئے صوبوں میں ریزیڈنٹ ایڈیشنل سیکرٹریز تعینات کئے گئے ہیں۔

چیف جسٹس کے مطابق اصلاحاتی اقدامات کے تحت عدالتی عمارات کی سولرائزیشن، ای لائبریریز کے قیام، خواتین سہولت مراکز اور صاف پینے کے پانی کی فراہمی کو ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عدالتی انفراسٹرکچر اور انصاف تک رسائی کو بہتر بنانے سے متعلق جاری اصلاحات اگست 2026 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کوہاٹ کے وفد نے نوجوان وکلاء کی پیشہ وارانہ تربیت اور استعداد کار بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور اپنی بار میں ای لائبریری اور صاف پینے کے پانی کی سہولت کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے وفد کو آگاہ کیا کہ فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے زیر اہتمام کنٹینیونگ لیگل ایجوکیشن پروگرامز جاری ہیں جن سے نوجوان وکلاء اپنی قانونی مہارت اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ کر سکتے ہیں جبکہ تربیتی پروگرامز کا کیلنڈر فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے پلیٹ فارم پر دستیاب ہے۔

ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن مانسہرہ کے وفد نے جوڈیشل کمپلیکس میں انفراسٹرکچر اور صاف پینے کے پانی کی عدم دستیابی سے متعلق مسائل کی نشاندہی کی، جس پر چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس یحییٰ آفریدی نے متعلقہ ریزیڈنٹ ایڈیشنل سیکرٹری کو فوری طور پر موقع کا دورہ کرنے اور مسائل کے جلد اور مؤثر حل کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی۔چیف جسٹس نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ عدلیہ شہریوں پر مرکوز، شفاف اور پائیدار نظامِ انصاف کے قیام کے لئے اصلاحاتی عمل کو بھرپور انداز میں آگے بڑھاتی رہے گی۔