واشنگٹن۔30جنوری (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے، جس میں کیوبا کو تیل فروخت کرنے والے ممالک پر محصولات (ٹیرف) عائد کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔ شنہوا کے مطابق گزشتہ روز دستخط کئے گئے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اس حکم کے نافذ ہونے کی تاریخ سے، کسی بھی ایسے ملک کی مصنوعات پر، جو براہِ راست یا بالواسطہ طور پر …
امریکی صدر کی کیوبا کو تیل فروخت کرنے والے ممالک اور کینیڈا سے آنے والے طیاروں پر ٹیرف لگانے کی دھمکی

مزید خبریں
واشنگٹن۔30جنوری (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے، جس میں کیوبا کو تیل فروخت کرنے والے ممالک پر محصولات (ٹیرف) عائد کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔ شنہوا کے مطابق گزشتہ روز دستخط کئے گئے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اس حکم کے نافذ ہونے کی تاریخ سے، کسی بھی ایسے ملک کی مصنوعات پر، جو براہِ راست یا بالواسطہ طور پر کیوبا کو تیل فروخت کرتا ہے یا فراہم کرتا ہے، امریکا میں درآمد کی جانے والی اشیا پر اضافی ایڈ ویلورم ڈیوٹی عائد کی جا سکتی ہے۔ یہ حکم نامہ 30 جنوری کو رات 12:01 بجے (ایسٹرن ٹائم) نافذ ہوگا اور اس میں تیل کی تعریف خام تیل یا پٹرولیم مصنوعات کے طور پر کی گئی ہے۔
حکم نامہ وزیرِ تجارت کو یہ اختیار دیتا ہے کہ وہ اس بات کا تعین کریں کہ آیا کوئی بیرون ممالک کیوبا کو تیل فروخت یا فراہم کر رہا ہے اور اس حکم پر عمل درآمد کے لیے ضروری ضوابط جاری کریں۔وزیرِ خارجہ کو یہ فیصلہ کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے کہ وزیرِ تجارت کی تحقیقات کی بنیاد پر اضافی ڈیوٹی عائد کی جائے یا نہیں اور اگر کی جائے تو کس حد تک۔
بعد ازاں صدر ٹرمپ اس سفارش پر غور کر کے ٹیرف لگانے کا حتمی فیصلہ کریں گے۔ حکم نامہ وزیرِ خارجہ اور وزیرِ تجارت دونوں کو یہ اختیار بھی دیتا ہے کہ وہ ضروری اقدامات کریں، جن میں ضوابط کی معطلی یا ترمیم، فیڈرل رجسٹر میں نوٹس جاری کرنا اور حکم کے نفاذ کے لیے قواعد اپنانا شامل ہیں۔
ٹرمپ کا دعویٰ ہے کہ کیوبا کی پالیسیاں، طرزِ عمل اور اقدامات امریکی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کے لیے ایک غیر معمولی اور سنگین خطرہ ہیں۔ اسی روز ایک علیحدہ اقدام میں امریکی صدر نے امریکی طیارہ ساز کمپنی گلف سٹریم کے بزنس جیٹس کی تصدیق نہ کرنے کی صورت میں امریکا میں فروخت ہونے والے تمام کینیڈین طیاروں پر 50 فیصد ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دی ۔
امریکی صدر نے کینیڈا پر الزام عائد کیا کہ وہ گلف سٹریم کے ماڈلز، جن میں گلف سٹریم 500، 600، 700 اور 800 شامل ہیں، کی تصدیق سے انکار کر رہا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ہم امریکی کمپنی گلف سٹریم کو مکمل طور پر تصدیق ملنے تک اس کے ذریعے بمبارڈیئر گلوبل ایکسپریس اور کینیڈا میں تیار کردہ تمام طیاروں کی تصدیق منسوخ کر رہے ہیں ۔








