اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):الیکشن کمیشن پاکستان نے پنجاب اسمبلی کے 2 اراکین کی رکنیت بحال کر دی ہے، اراکین کی جانب سے مالی سال 2024-25 کے لیے اپنے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے جمع نہیں کروائے گئے تھے جس کی وجہ سے 16 جنوری 2026 کو ان کی رکنیت کو معطل کر دیا تھا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن نمبر F-1(1)/2025-Confd. (16)کے مطابق ملک اعتبار خان (پی …
الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے دو اراکین کی رکنیت بحال کر دی،نوٹیفیکیشن جاری

مزید خبریں
اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):الیکشن کمیشن پاکستان نے پنجاب اسمبلی کے 2 اراکین کی رکنیت بحال کر دی ہے، اراکین کی جانب سے مالی سال 2024-25 کے لیے اپنے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے جمع نہیں کروائے گئے تھے جس کی وجہ سے 16 جنوری 2026 کو ان کی رکنیت کو معطل کر دیا تھا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن نمبر F-1(1)/2025-Confd. (16)کے مطابق ملک اعتبار خان (پی پی-5 اٹک-5) اور محمد دائود خان (پی پی-273 مظفرگڑھ-6)نے اپنے اثاثوں اور اخراجات کے گوشوارے جمع کرا دیے ہیں جن میں ان کی اہلیہ اور زیر کفالت بچوں کے اثاثے بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ گوشوارے الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 137 اور الیکشن رولز 2017 کے مطابق مطلوبہ تاریخ 31 دسمبر تک جمع کرانے تھے۔
الیکشن کمیشن نے دونوں اراکین صوبائی اسمبلی کی جانب سے قانونی تقاضے پورے کرنے پر ان کی رکنیت بحال کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ یہ فیصلہ الیکشن کمیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر (کانفیڈنشل) مصدق انور کی جانب سے جاری کیا گیا ۔نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ بحالی الیکشن ایکٹ 2017 کی متعلقہ دفعات کے تحت کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کی کاپیاں پنجاب اسمبلی کے سپیکر اور سیکرٹری، وزیراعلیٰ پنجاب کے دفتر، صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اور الیکشن کمیشن کے دیگر متعلقہ افسران کو بھی بھیج دی گئی ہیں۔یہ اقدام اراکین اسمبلی کے لیے اثاثہ جات کے گوشوارے بروقت جمع کرانے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے کیونکہ تاخیر کی صورت میں اراکین اسمبلی کی رکنیت معطل کی جا سکتی ہے۔








