این ڈی ایم اے نے آفات سے نمٹنے اور خطرات کے تدارک کے لئے خصوصی پروگرام متعارف کرا دیا

اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)نے یونیسف اور پاکستان گرل گائیڈز ایسوسی ایشن کے اشتراک سے آفات سے نمٹنے اور خطرات کے تدارک کے لئے خصوصی پروگرام متعارف کرا دیا ہے، جس کا مقصد کمیونٹی سطح پر رضاکاروں کو متحرک اور منظم کرنا ہے۔ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق اس پروگرام کے تحت رضاکاروں کی رہنمائی، باہمی معاونت اور آفات کے دوران مؤثر …

اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)نے یونیسف اور پاکستان گرل گائیڈز ایسوسی ایشن کے اشتراک سے آفات سے نمٹنے اور خطرات کے تدارک کے لئے خصوصی پروگرام متعارف کرا دیا ہے، جس کا مقصد کمیونٹی سطح پر رضاکاروں کو متحرک اور منظم کرنا ہے۔ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق اس پروگرام کے تحت رضاکاروں کی رہنمائی، باہمی معاونت اور آفات کے دوران مؤثر کردار کے لئے مخصوص ڈی آر آر بیجز اور خطرات کے تدارک سے متعلق رہنما اصول جاری کئے گئے ہیں۔

ڈی آر آر بیجز کا بنیادی مقصد لڑکیوں کو علاقائی سطح پر رضاکارانہ اقدامات کے لئے تیار کرنا ہے تاکہ ہنگامی حالات میں خواتین اور لڑکیوں کو درپیش مسائل کا بروقت اور مؤثر حل ممکن بنایا جا سکے۔جاری کردہ رہنما اصولوں کی مدد سے مقامی خطرات کی نشاندہی، ابتدائی وارننگ سسٹم اور محفوظ ردِعمل سے متعلق عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ پاکستان گرل گائیڈز سیلاب، زلزلہ، ہیٹ ویو اور دیگر ہنگامی صورتحال کے دوران امدادی سرگرمیوں، ابتدائی طبی امداد، حفظانِ صحت سے متعلق آگاہی اور نفسیاتی معاونت میں نمایاں کردار ادا کرتی رہی ہیں۔

ڈی آر آر بیج پروگرام کے تحت 26 سے 30 جنوری کے دوران 59 ماسٹر ٹرینرز کو تربیت فراہم کی گئی جو آئندہ ملک بھر میں اس پروگرام کو فروغ دیں گے اور کمیونٹی سطح پر استعداد کار میں اضافہ کریں گے۔پروگرام کے اجرا کی تقریب این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئی جس میںچیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ این ڈی ایم اے، یونیسف اور پاکستان گرل گائیڈز ایسوسی ایشن نے نوجوانوں اور خواتین پر مشتمل رضاکاروں کے ذریعے آفات سے نمٹنے اور خطرات کے تدارک کے لئے مشترکہ اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

 

مزید خبریں